ابھی حالات ایسے نہیں کہ لاک ڈائون کی طرف جائیں، موجودہ حالات میں لاک ڈائون کیا تو مسائل مزید بڑھیں گے، حکومت نے پہلے ہی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات کر رکھے ہیں، وائرس پر قابو پانے کیلئے عوام حکومت کا ساتھ دیں، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اتوار 22 مارچ 2020 23:00

ابھی حالات ایسے نہیں کہ لاک ڈائون کی طرف جائیں، موجودہ حالات میں لاک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2020ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ابھی حالات ایسے نہیں کہ لاک ڈائون کی طرف جائیں، موجودہ حالات میں لاک ڈائون کیا تو مسائل مزید بڑھیں گے، حکومت نے پہلے ہی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات کر رکھے ہیں۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپ کے مقابلے میں پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں ابھی صورتحال بہتر ہے، پاکستان میں وائرس سے متاثر 80 فیصد مریض بیرون ممالک سے آئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان میں اشیائے ضروریہ کی قلت نہیں، مارکیٹ میں ساری چیزیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے عوام کو چاہیے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں، اگر عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو حکومت کو مجبوراً فوج طلب کرنا پڑے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لوگوں کا گھروں میں بیٹھنے کا مزاج نہیں ہے، بدقسمتی سے لوگ ابھی تک وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، لوگوں کو چاہیے کہ وباء پر قابو پانے کیلئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔