ایک نجی ٹی وی چینل میں کورونا وائرس سے بچائو کیلئے مولانا طارق جمیل کی رقت آمیز دعا، اللہ کے حضور سب کی صحت کیلئے گڑگڑا کر دعا مانگی

کورونا وائرس اللہ کی طرف سے امتحان ہے، سب کو اللہ کی بارگاہ میں توبہ کرنی چاہیے، معروف عالم دین کا پیغام

اتوار 22 مارچ 2020 23:35

ایک نجی ٹی وی چینل میں کورونا وائرس سے بچائو کیلئے مولانا طارق جمیل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2020ء) پاکستان میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کورونا وائرس سے بچائو کیلئے اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے رقت آمیز اجتماعی دعا کرائی۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل میں ملک میں کورونا وائرس سے بچائو کیلئے خصوصی طور پر اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے اللہ کے حضور سب کی صحت کیلئے گڑگڑا کر دعا مانگی، دعا مانگتے ہوئے مولانا آبدیدہ ہو گئے۔

دعا سے قبل اپنے پیغام میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ کورونا وائرس اللہ کی طرف سے امتحان ہے، یہ دنیا آئیڈیل نہیں امتحان کی جگہ ہے، دنیا امتحان کی جگہ ہے ہر کوئی پرچے دے رہا ہے، سب کو اللہ کی بارگاہ میں توبہ کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ دنیا میں اچھے، برے دونوں حالات سے آزمائیں گے، اللہ تعالی 70 مائوں سے زیادہ اپنے بندوں سے محبت کرتا ہے، صدق دل سے توبہ کرو تو وہ ضرور قبول کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وبائی مرض میں موت شہادت ہے لیکن یہ بھی حکم ہے کہ جہاں وباء پھیلی ہو تو وہاں سے باہر نہیں نکلنا چاہیے اسلئے احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ اپنی اپنی استطاعت کے مطابق موجودہ صورتحال میں غریبوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اگر حکومت لاک ڈائون کا فیصلہ کرے تو سب کو اس کو قبول کرنا چاہیے۔