کویت میں کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکی گرفتار

کویتی حکام نے گرفتار کیے گئے 10 غیر ملکیوں کو بے دخل کرنے کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 24 مارچ 2020 16:49

کویت میں کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکی گرفتار
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مارچ 2020ء) کویت میں جزوی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز کویت میں کرفیو کے دوران باہر آنے والے غیر ملکیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان افراد کی گرفتاری ٹویٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کی گئی۔ کویتی اخبار القبس نے بتایا ہے کہ فروانیہ کے علاقے میں چند غیر ملکی کرفیو کے اوقات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی رہائش گاہوں سے باہر آ کر سڑک پر اکٹھے ہوئے اور خوب شور شرابا کرتے رہے۔

تاہم ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آئی اور ان کی نشاندہی کرنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ کویتی وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر 10 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جنہیں متعلقہ محکمے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ان گرفتار شدگان کو جلد ملک سے بے دخل کر دیا جائے گا اور انہیں بلیک لسٹ کر کے ان کے مملکت میں دوبارہ داخلے پر تاحیات پابندی عائد کر دی جائے گے۔

ترجمان نے انتباہ کیا کہ اور بھی کئی غیر ملکیوں کی جانب سے کرفیو کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے، جنہیں اگلے چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا جائے گا۔ کرفیو ں کی خلاف ورزی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جا سکتی کیونکہ یہ لوگوں کی صحت اور زندگی کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔ جو بھی مقامی اور تارکین قانون شکنی کریں گے، انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ انس الصالح نے شام پانچ بجے سے ہر روز صبح چار بجے تک ملک کے تمام حصوں میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر گزشتہ روز سے عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کرفیو فی الحال غیر معینہ مدت کے لیے لگایا جا رہا ہے۔اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ جو افراد کرفیو کی پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھروں سے باہر آئیں گے۔

انہیں تین سال کی قید سزا بھُگتنا ہو گی یا 10 ہزار کویتی دینار بطور جرمانہ ادا کرنا ہوں گے۔ بعض صورتوں میں یہ دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جا سکتی ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویتی نایب زیراعظم انس الصالح نے وزیر برائے امور خارجہ الشیخ احمد ناصر ال محمد الصباح اور وزیر صنعت وتجارت خالد الروضان کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ فیصلہ کورونا انفیکشن کے پھیلاوٴ سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات کی عدم تعمیل کی اطلاعات کے بعد ہوا۔کابینہ کے اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ مملکت بھر میں تمام سرکاری اور نجی شعبوں کے ملازمین کی چھُٹیوں کی مُدت میں مزید دو ہفتوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔