شعبان کا چاند نظر آگیا،کل یکم شعبان اور شبِ برا ت 8اپریل کوہوگی، مفتی منیب الرحمن

بدھ 25 مارچ 2020 23:33

شعبان کا چاند نظر آگیا،کل یکم شعبان اور شبِ برا ت 8اپریل کوہوگی، مفتی ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ شعبان المعظم 1441ھ کا چاند نظرآگیاہے،(آج)جمعرات 26مارچ کویکم شعبان المعظم اور شبِ برا ت 8اپریل (بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب)کو ہوگی۔ دریں اثنا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہ موسمیات کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں زونل کمیٹی سے مولاناحافظ محمد سلفی ،قاری نذیراحمد نعیمی ،مولانا صابر نورانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔فنی معاونت کے لئے چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردار سرفراز اور سپارکوسے غلام مرتضی نے شرکت کی ۔ ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے اپنے اپنے مراکز پر منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود اور بعض مقامات پر صاف تھا۔

علی احسانہ فیصل آباد میںموسم بھی صاف تھا ،فیصل آباد سے رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں، لہذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم شعبان1441ھ (آج) جمعرات 26مارچ کویکم شعبان المعظم اور شبِ برا ت8اپریل (بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب)کو ہوگی ۔اجلاس کے آخر میںملکی سالمیت کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور کرونا وائرس سے نجات کے لیے دعائیں کی گئیں ۔

پاکستان بھر کے تمام مسالک کے علماء کی باہمی مشاورت سے فیصلہ کیاگیاکہ تمام لوگ وضو گھرسے کرکے آئیں ، سنت ونوافل گھر پر پڑھیں، مساجد میں پانچ وقت کی نماز جاری رہے گی ،مساجد پانچ وقت نماز کے لیے کھلی رہیں گی ،نمازِ جمعہ مختصر ادا کی جائے ۔ پچاس سال سے زائد عمر کے لوگ وبا کے دور میں مساجد نہ آئیں ۔ایسے افراد کو ترکِ جماعت کا گناہ نہیں ہوگا ۔حکومت طبی لحاظ سے جنہیں پابند کرے وہ مسجد میں نہ آئیں، نماز کسی ایک محرم خاتون کے ساتھ بھی ہوسکتی ہے ۔