Live Updates

عمران خان کے بنی گالہ ہائوس سے چند گز کے فاصلے پربدنام زمانہ قبضہ مافیا نے اربوں مالیت کی زمین پر قبضہ کے لئے پولیس کوبھی ساتھ ملا لیا

قبضہ گروپ کی فائرنگ کے بعد بنی گالہ پولیس نے زمین مالک طالب عباسی اور اس کے بھائیوں کیخلاف ایک ہی وقوعہ کے دو الگ الگ مقدمے درج کرلئے زمین کے جدی پشتی مالک طالب عباسی نے وزیراعظم سے نوٹس لینے کی اپیل کردی

بدھ 25 مارچ 2020 23:36

عمران خان کے بنی گالہ ہائوس سے چند گز کے فاصلے پربدنام زمانہ قبضہ مافیا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2020ء) وزیراعظم عمران خان کے بنی گالہ ہائوس سے چند گز کے فاصلے پربدنام زمانہ قبضہ مافیا نے اربوں روپے مالیت کی زمین پر قبضہ کے لئے پولیس کوبھی ساتھ ملا لیا، قبضہ گروپ کی فائرنگ کے بعد بنی گالہ پولیس نے زمین مالک طالب عباسی اور اس کے بھائیوں کیخلاف ایک ہی وقوعہ کے دو الگ الگ مقدمے درج کرلئے ،زمین کے جدی پشتی مالک طالب عباسی نے وزیراعظم سے نوٹس لینے کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ پیر اور منگل کی درمیانی رات وزیراعظم ہائوس بنی گالہ کے قرب و جوار گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اوٹھے اور علی الصبح حسب معمول بنی گالہ کے مکینوں کو معلوم ہوا کہ بنی گالہ پولیس کی زیر سرپرستی رب نوازاور اس کے بھائی اپنے ہی ایک عزیز طالب عباسی کی زمین پر قبضہ کیلئے مسلح ہو کر فائرنگ کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

طالب عباسی نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رب نواز اور اس کے خاندان کی زمین ہم سے الگ تھی اور انہوں نے سول عدالت میں لکھ کر بھی دیدیا تھا اور اب ہم 696 کینال زمینکے جدی پشتی مالک ہیںاور اس کی ریکارڈ میں نشاندہی بھی ہو چکی ہے لیکن رات کو جب رب نواز اور واجد نواز اور فراز محمود نے اپنے دو بھانجوں بابر جاویداور عاقب جاوید کو ساتھ مسلح کرکے دھاوا بولا تو میرے سکیورٹی گارڈز نے مجھے فون پر اطلاع دی ، میں نے موقع پر جاکر دیکھا کہ یہ لوگ باقاعدہ منصوبہ بندی سے مسلح افراد کے ہمراہ ہماری زمین پر قبضہ کی کوشش کررہے ہیں اور پولیس بھی ان کے ملی ہوئی ہے ، صبح تقریباً آٹھ بجے جب میں ایس ایچ او میاں عمران کے پاس موجود تھا تو رب نواز وغیرہ نے اپنے گھر پر خود ہی فائرنگ کی اور پولیس کے ذریعے کال چلوا دی کہ ہم نے ان کے گھر پر حملہ کیا ہے جو کہ جھوٹ پر مبنی ہے ، طالب عباسی نے بتایا کہ درحقیقت رب نواز عباسی اور اس کے بھائی اپنے حصے کی زمین فروخت کرچکے ہیں اور ان کا تعلق ماضی میں ن لیگ سے تھا اور اب پی ٹی آئی کی چھتری کے نیچے چھپے ہوئے ہیں ان لوگوں نے میری 80 کنال زمین پرناجائز قبضے کیا ہوا ہے جس کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے لیکن اب یہ گروہ ہماری اربوں روپے کی زمین ہتھیانے کے لئے پولیس سے ساز باز کرکے ہم پر حملے کررہا ہے اور جھوٹے مقدمے بھی بنوا رہا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ قبضہ گروپوں کو لگا م دیں گے لیکن ان کی ناک کے نیچے پولیس اور قبضہ گروپ سرگرم ہیں اور شریف لوگوں کا جینا حرام کررکھا ہے ۔

ایس ایچ او میاں عمران نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ ہم اس زمین کو سربمہر کردیں گے اور دونوں فریقوں کے درمیان فیصلہ ہونے تک کسی کو قبضہ نہیں دیا جائے گا لیکن اب پولیس کی بدنیتی صاف بتا رہی ہے کہ وہ ہمیں جھوٹے مقدموں میں الجھا کر اس اربوں روپے مالیت کی زمین پر رب نواز وغیرہ کا قبضہ کروانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔طالب عباسی نے کہا کہ اس حوالے سے ہم ایک پریس کانفرنس کریں گے اور وزیراعظم سمیت قوم کو بتائیں گے کہ حکومت کے وزیر ، مشیر قبضہ گروپوں سے ملکر کس طرح دھندکررہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات