ترکی نے چین سے منگوائی گئی خاص دوا سے کورونا مریضوں کا علاج شروع کردیا

ہم نے چین کی فراہم کردہ دوائی سے 136 مریضوں کا علاج شروع کردیا ہے، اس دوائی کے استعمال سے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے 11 سے 12 دن کا وقت کم ہو کر 4 دن پر آجاتا ہے، دوا کا نام نہیں بتا سکتے: ترک وزیرِ صحت

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 25 مارچ 2020 23:38

ترکی نے چین سے منگوائی گئی خاص دوا سے کورونا مریضوں کا علاج شروع کردیا
کائرہ (اردو پوائںٹ اخبار تازہ ترین ۔25مارچ 2020ء ) ترکی نے چین سے منگوائی گئی خاص دوا سے کورونا مریضوں کا علاج شروع کردیا ہے۔ ترک وزیرِ صحت فحریتن کوسا نے بتایا ہے کہ ترکی نے چین کی فراہم کردہ دوائی سے 136 مریضوں کا علاج شروع کردیا ہے، اس دوائی کے استعمال سے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے 11 سے 12 دن کا وقت کم ہو کر 4 دن پر آجاتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس خاص دوائی کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ انتہائی نگہداشت کے مریضوں کے لیے کارگر ثابت ہوتی ہے اور اس دوائی کے استعمال سے آئی سی یو میں منتقل کیے جانے والے مریضوں کی حالت بہتر ہوتی ہے۔

ترک وزیرِ صحت نے بتایا کہ کورونا کے ٹیسٹ کیلئے 50ہزار ٹیسٹ کٹس پہنچ چکی ہیں جن سے مشتبہ افراد کے ٹیسٹس کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترک وزیر صحت نے چین کی فراہم کردہ دوائی کا نام نہیں بتایا اور کہا ہے کہ ایک معاہدے کے تحت چین کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہمیں معلومات اور تجاویز فراہم کرتا رہے گا۔ واضح رہے کہ ترکی میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 1872 کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ 44 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب ترکی نے کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور غیراخلاقی پوسٹ شیئر کرنے پر اب تک 410 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ وزارت نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 1748 مشتبہ سوشل میڈیا اکائونٹس کی نشاندہی کی ہے جن میں سے 65 فیصد کا تعلق کردوں سمیت دہشتگردوں کے گروہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور غیراخلاقی پوسٹ شیئر کرنے پر اب تک 210 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔