تفصیلی خبر)

وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں متعدی امراض سے بچاؤ اور علاج کے لیی252 بستر کے آئسولیشن ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا 40 کنال اراضی پر تعمیر ہسپتال میں لیبارٹری اور ڈائیگناسٹک سینٹر سمیت تمام سہولیات دستیاب ہوں گی، مردوں کے لئے 4 اور خواتین کے لیے 3 بلاک مختص ہوں گے چیئرمین این ڈی ایم اے کی وزیر اعظم کو بریفنگ وزیر اعظم نے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں قائم 50 بستر کے کورونا وائرس آئیسولیشن سنٹر کا دورہ بھی کیا

جمعرات 26 مارچ 2020 13:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر اسلام آباد میں متعدی امراض سے بچاؤ اور علاج کے لیے 252 بستروں پر مشتمل آئسولیشن ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے جمعرات کو یہاں پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں قائم کردہ 50 بستروں پر مشتمل کورونا وائرس آئیسولیشن سنٹر کے دورہ کے موقع پر متعدی امراض کے ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیر اعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہ ہسپتال 40 کنال اراضی پر تعمیر ہوگا، 252 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن تعمیر کرے گی جبکہ اس میں لیبارٹری اور ڈائیگناسٹک سینٹر سمیت متعدی امراض سے بچاؤ، تشخیص اور علاج سمیت تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں مردوں کے لئے 4 اور خواتین کے لیے 3 بلاکس مختص ہوں گے۔ وزیراعظم نے اس منصوبے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو 50 بستروں پر مشتمل کورونا آئسولیشن سنٹر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قائم کردہ آئسولیشن سینٹر کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے آئسولیشن سینٹر کے قیام کو سراہا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔