وزیر اعظم ہر لمحے بدلتی صورتحال کے مطابق بروقت فیصلے کررہے ہیں‘موجودہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورننگ کی بجائے اتحاد دکھانے کاہے ،اپوزیشن کو آج بھی سیاست چمکانے کی فکر پڑی ہے، ہمایوں اخترخان

جمعرات 26 مارچ 2020 16:50

لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورننگ کی بجائے اتحاد دکھانے کاہے لیکن بد قسمتی سے کچھ اپوزیشن رہنمائوں کو آج بھی اپنی سیاست چمکانے کی فکر پڑی ہے ، کوروناوائرس کے حملے نے بڑی بڑی معیشتوں کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں ، حکومت کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے ،عوام پر معاشی طور پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنے اورانہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل مختص کر رہی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بروقت اور اپنے وسائل سے بڑھ کر عملی اقدامات کی تعریف کی بجائے تنقید کرنے والوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ کیا وینٹی لیٹرز کی کمی ہمارے دورمیں ہوئی ہے ، جو کئی دہائیوں سے حکومتیں کر رہے تھے وہی آج وینٹی لیٹرز کی کمی پر تنقید کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، محدود وسائل کے باوجود حکومت نے کوروناوائرس کے حوالے سے پیشگی تیاریاں کیںاوراس سلسلہ میں اربوں روپے کا سامان خریدا گیا ہے جن میں وینٹی لیٹرز کے آرڈ ر بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حالیہ دنوں میں ہر شعبے کو ریلیف دینے کیلئے جس طرح کے عملی اقدامات کئے ہیں اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ آج ملک میں عوامی حکومت ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان عوام سمیت ہر شعبے کو منفی اثرات سے بچانے کے لئے اپنی اقتصادی ٹیم سے مسلسل رابطے میں ہیں اورہر لمحے بدلتی صورتحال کے مطابق فیصلے کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں جلد سے جلد اس وباء سے نجات ملے ۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ گھروں تک محدود رہیںاور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہو ۔