علماء کرام لوگوں کو گھر کے اندر رہنے ، گھر میں نماز پڑھنے سے متعلق مشورہ اور آگاہی فراہم کریں ،اس سے بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مدد ملے گی،

موجودہ بحران کا واحد حل سماجی فاصلہ ہے، ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسلام کی جانب سے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور گورنرز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں اظہارخیال

جمعرات 26 مارچ 2020 18:12

علماء کرام لوگوں کو گھر کے اندر رہنے ، گھر میں نماز پڑھنے سے متعلق مشورہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ لوگوں کو گھر کے اندر رہنے اور گھر میں نماز پڑھنے سے متعلق مشورہ اور آگاہی فراہم کریں جس سے بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مدد ملے گی، موجودہ بحران کا واحد حل سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا ہے اور ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسلام کی جانب سے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور گورنرز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں کیا۔ مشاورتی اجلاس کے دوران صدر مملکت نے علماء کرام سے کورونا وبائی مرض سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور عوام میں اس مرض سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے ان سے تعاون کی گزارش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو گھر کے اندر رہنے اور گھر میں نماز پڑھنے سے متعلق مشورہ اور آگاہی فراہم کریں جس سے بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے ان احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی جو لوگوں میں بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بحران کا واحد حل سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا ہے اور ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسلام کی جانب سے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے۔ صدر نے علماء کرام کے اتحاد خصوصاً ان کے کراچی میں جاری کردہ متفقہ اعلامیہ کی تعریف کی جس میں کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی اقدامات اپنانے پر زور دیا گیا ہے۔

علماء کرام نے صدر مملکت کو مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں گے۔ علماء کرام نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی مذہبی اجتماعات کو منسوخ کرنے، کانووکیشنز اور امتحانات ملتوی کرنے کے علاوہ مدارس کے 30 لاکھ طلباء کیلئے تعطیلات کا اعلان کرنے کے علاوہ بھی متعدد اقدامات کئے ہیں۔ علماء کرام نے لوگوں کو نصیحت کی کہ وہ اس بحران سے بچانے کیلئے اللہ تعالیٰ سے رحمت کے طلب گار ہوں۔

علماء کرام نے وبائی مرض کے خلاف حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ضرورت مندوں کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے امدادی اقدامات کی بھی تعریف کی۔ علماء کرام نے ڈاکٹروں اور نرسوں کو خراج تحسین پیش کیا جو اس وبائی امراض کے خلاف ہراول دستہ ہیں۔ صدر مملکت نے کورونا وائرس کے خلاف حکومت کی پالیسیوں کی حمایت کرنے پر علماء کرام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری، گورنر گلگت بلتستان سمیت صوبائی گورنرز، چیئرمین، اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام بھی موجود تھے۔