ڈپٹی کمشنر راولپنڈی آفس میںپارلیمنٹیرین اور تنظیمی عہدیداران پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس

اشیاء خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے کی ہدایات

جمعرات 26 مارچ 2020 18:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر ایم این اے صداقت علی عباسی نے ضلع راولپنڈی کے مخلتف علاقوں بالخصوص این اے 57 میںآٹے کی قلت اور اشیاء خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی شکایات پر انتظامیہ سے رجوع کیا ہے۔ انتظامیہ نے اشیاء خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

پارلیمنٹرین اور تنظیمی عہدیداران پر مشتمل ایک کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوا۔ جس میں صداقت علی عباسی کے علاوہ صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ، مشیر وزیراعلیٰ آصف محمود، دیگر ایم پی ایز راولپنڈی چوہدری عدنان، چوہدری جاوید کوثر، ملک تیمور، عمر تنویر بٹ اور تنظیمی عہدیداران میں عارف عباسی، راجہ محمد علی، راجہ ماجد اور چوہدری زبیر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ فورڈ کنٹرولر مظہر بلوچ کو طلب کیا اور ان سے آٹے کی قلت اور بڑھتی ہوئی قیمت پر وضاحت طلب کی۔ کمیٹی نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ فورڈ کنٹرولر کو سخت ہدایت جاری کی کہ فی الفور آٹے کی قلت کو دور کیا جائے اور قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔ اس سلسلے میں تمام ایم پی ایز نے اپنے اپنے حلقوں کے حوالہ سے آٹے کی قلت اور بڑھتی قیمتوں کے حوالہ سے اپنی اپنی تجاویز دیں۔

اس موقع پر ایم این اے صداقت علی عباسی نے حلقہ این اے 57 کے حوالہ سے 6 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا۔ یہ کمیٹی اپنی تحصیل کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کی وساطت سے انتظامیہ سے رابطہ میں رہے گی اور عوامی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے فی الفور آٹے کی قلت کو دور کرے گی۔ این اے 57 کی 6 رکنی کمیٹی میں تحصیل مری سے فوکل پرسن طارق عباسی ایڈووکیٹ، تحصیل کوٹلی ستیاں سے فوکل پرسن عاطف ستی، تحصیل کہوٹہ سے فوکل پرسن راجہ خورشید ستی، تحصیل کلرسیداں سے فوکل پرسنز آصف کیانی، راجہ آفتاب جنجوعہ، ساگری سرکل سے فوکل پرسن حمود کیانی شامل ہیں۔

یہ کمیٹی ایم این اے، این اے 57 صداقت عباسی سے اور انتظامیہ سے رابطے میں رہتے ہوئے آٹے کی قلت اور بڑھتی قیمتوں کے حوالے سے تمام شکایات دور کرے گی اور اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔