احتساب عدالت نے احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے نیب کو ایک ماہ کی مہلت دے دی

جمعرات 26 مارچ 2020 19:00

احتساب عدالت نے احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے نیب کو ایک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کرپشن سکینڈل میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے نیب کو ایک ماہ کی مہلت دے دی ہے۔ جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نارووال سپورٹس سٹی کرپشن سکینڈل کیس پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت نارووال سپورٹس سٹی کرپشن کیس میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کورونا وائرس حفاظتی تدابیرکے تحت عدالت کے رو برو پیش نہیں ہوئے۔

دوران سماعت نیب کی جانب سے عدالت سے ریفرنس دائر کرنے کیلئے مہلت دینے کی استدعاکی گئی۔ عدالت نے نیب استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی ہے۔ واضح رہے کہ احسن اقبال پر نارووال سپورٹس سٹی کیس میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو ضمانت پر رہا کیا تھا۔