شہبازشریف اور بلاول بھٹو کا کروناکانفرنس کا بائیکاٹ قابل مذمت ہے، نصرت واحد

وزیراعظم عمران خان نے وبائی مرض کے تناضرمیں عوام کے لیے 12کھرب روپے کے ریلیف پیکیج کا اعلان کیاہے، رکن قومی اسمبلی

جمعرات 26 مارچ 2020 20:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کروناوائرس کی صورتحال پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے لیے پارلیمانی جماعتوں کی کانفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اوربلاول بھٹوزرداری کے واک آئوٹ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن رہنمائوں کو کانفرنس میں تجاویز وسفارشات پیش کرنا چاہئیں تھیں، پوری قوم اس وقت کروناوائرس کے باعث سخت اذیت میں مبتلاہے۔

شہبازشریف اوربلاول بھٹوکی کروناوائرس پر سیاست غیرسنجیدہ عمل ہے۔جمعرات کو جاری بیان میں نصرت واحد نے کہاکہ وفاقی حکومت خصوصاً وزیراعظم عمران خان کروناوائرس پر جلداز جلد قابوپانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔اس سلسلے میں 12کھرب روپے کے ریلیف پیکیج کا اعلان بھی کیاگیاہے، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 15روپے کمی، مستحق افراد کے لیے 3ہزار روپے ماہانہ وظیفہ،برآمدی شعبے کے لیے 100ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ، میڈیکل ورکرزکے لیے 50ارب روپے کی فراہمی، دال چاول گھی ودیگراشیائے خوردونوش پر ٹیکسز کا خاتمہ، طبی سامان کے لیی25ارب روپے کی فراہمی، گیس وبجلی کے بلوں کی قسطوں میں ادائیگی، زراعت کے لیے 100ارب، کسانوں کو رعایتی قرضوں کی فراہمی سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کروناوائرس پر مکمل قابوپانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔