کورونا وائرس ، امریکہ نے بیرون ممالک امریکی فوجیوں اور سول دفاعی ملازمین کی نقل وحمل 60روز کیلئے منجمند کردی

حکمنامے کا افغانستان میں 4ہزارکے قریب امریکی فوجیوںکے انخلاء پر اثر کا امکان نہیں

جمعرات 26 مارچ 2020 22:33

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2020ء) امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی کوششوں میں بیرون ممالک امریکی فوجیوں اور سول دفاعی ملازمین کی نقل وحمل 60روز کیلئے منجمند کردی ہے ۔ اس اقدام سے آئندہ دوماہ کے عرصے کیلئے 90ہزارکے قریب امریکی فوجی اہلکاروں کی تعیناتی یا دوبارہ تعیناتیوں کا عمل روک دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ بیرون ممالک انکی تعیناتی کے دوران جانیوالے اہلخانہ کا سفر کرنا بھی بندکرد یا گیا ہے ۔ پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا ا س اقدام کا مقصد کورونا وائر س وباء 2019(کووڈ۔19)کے پھیلائو کو روکنا ہے تاکہ امریکی فوجیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ہماری عالمی فورس کی آپریشنل تیاریوں کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسپر کے حکم سے افغانستان میں 4ہزارکے قریب امریکی فوجیوںکے انخلاء پر اثر کا امکان نہیں ہے جہاں طالبان کے ساتھ فروری 29کے امن معاہدے کے تحت 135دنوں میں ٹارگٹ مکمل ہوناہے۔