وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت اجلاس

کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات اور ڈاکٹروں اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس کی فراہمی سمیت دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 26 مارچ 2020 23:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2020ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات اور ڈاکٹروں اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس کی فراہمی سمیت دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، سیکریٹری صحت، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں ضروری طبی آلات کی خریداری کے عمل کا جائزہ بھی لیا گیا، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ چین سے ساڑھے سات لاکھ این 95ماسک، 75000حفاظتی آئی پیک، 75ہزار حفاظتی ماسک اور چار ہزار حفاظتی شیلڈ خریدی گئی ہیں جو جلد کوئٹہ پہنچ جائیں گی، وزیراعلی نے ہدایت کی کہ خریداری کے تمام عمل میں ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران، پی ڈی ایم اے اور محکمہ صحت میں مکمل کوآرڈینیشن رکھی جائے تاکہ ضلعوں کو ان کی ضروریات کے مطابق طبی آلات اور ادویات فراہم کی جاسکیں۔

(جاری ہے)

اجلا س میں دیگر صوبوں سے گندم اور اشیا خوردونوش لانے والے ٹرکوں کے صوبے میں داخلے اور مطلوبہ مقام تک پہنچنے کے لئے میکیزم بنانے کا فیصلہ بھی کیا تاکہ اس میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو، اجلاس میں روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے محنت کشوں کو معاونت کی فراہمی کے طریقہ کار کا جائزہ بھی لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ محنت کو اس ضمن میں ذمہ داری سونپی گئی ہے جو مختلف ذرائع سے معلومات پر مبنی محنت کشوں کی فہرست تیار کرکے پیش کرے گا، وزیراعلی نے اس موقع پر کہا کہ صحت اور دیگر محکمے سہی سمت میں بہتر طریقہ کار کے مطابق کام کریں ورنہ محنت کے باوجود بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکیں گے۔