ملک کو اس وقت متحد ہونے کی ضرورت ہے،کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے ،

اللہ پاک کو راضی کرنے کے لئے عوام گھروں میں نوافل اور ذکر و ازکار کا اہتمام کریں،مولانا صلاح الدین ایوبی

جمعرات 26 مارچ 2020 23:54

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت متحد ہونے کی ضرورت ہے‘ کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے ‘ اللہ پاک کو راضی کرنے کے لئے عوام گھروں میں نوافل اور ذکر و ازکار کا اہتمام کریں‘ ضلع قلعہ عبداللہ چمن کے عوام کورونا وائرس سے نہیں بلکہ بھوک سے مر جائے گی،کیونکہ ضلع کے 70 فیصد سے زائد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

لاک ڈاؤن کے باعث مزدور طبقہ نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں۔ پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ، کورونا وائرس کی وبا بڑھ رہی ہے ، اس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانی ہوگی،عوام وباء کے بچاؤاور خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ’’اے پی پی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا بڑھ رہی ہے اس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آج چوتھے روز بھی ضلع میں مکمل لاک ڈاؤن ہے جبکہ پچھلے 25 روز سے پاک افغان باڈر بند ہے دو طرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بند ہونے کے باعث تاجر اور غریب طبقہ نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے فوری طور پر امداد کی اپیل کر تے ہوئے کہا کہ ضلع کی 70 فی صد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ علماء قبائلی مشیران میڈیا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔