کرونا وائرس کے باعث پاکستان کا ایک اور علاقہ انتہائی خطرناک قرار

سرائے عالمگیر کے ایک گاوں میں 6 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مکمل طور پر کرفیو نافذ کر دیا گیا، اس سے قبل اسلام آباد کی یونین کونسل بھارہ کہو اور مردان کی یونین کونسل منگا بھی خطرناک علاقے قرار دیے جا چکے

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 مارچ 2020 23:49

کرونا وائرس کے باعث پاکستان کا ایک اور علاقہ انتہائی خطرناک قرار
سرائے عالمگیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2020ء) کرونا وائرس کے باعث پاکستان کا ایک اور علاقہ انتہائی خطرناک قرار، سرائے عالمگیر کے ایک گاوں میں 6 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مکمل طور پر کرفیو نافذ کر دیا گیا، اس سے قبل اسلام آباد کی یونین کونسل بھارہ کہو اور مردان کی یونین کونسل منگا بھی خطرناک علاقے قرار دیے جا چکے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔

جبکہ بتایا گیا ہے کہ ملک کے 3 علاقے کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کے باعث خطرناک ترین علاقے قرار دے دیے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں اسلام آباد کی یونین کونسل بھارہ کہو اور خیبرپختونخواہ کے شہر مردان کی یونین کونسل منگا اور سرائے عالمگیر کا ایک گاوں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ان علاقوں میں وائرس سے متاثرہ کچھ افراد کے داخلے کے باعث خدشہ ہے کہ تقریباً پوری آبادی ہی وائرس سے متاثر ہو گئی ہے۔

اس لیے ہنگامی طور پر ان علاقوں میں مکمل کرفیو نافذ کیا جا چکا ہے۔ طبی ماہرین علاقے کے تمام افراد کی نگرانی کر رہے ہیں اور ٹیسٹ کیے جانے کا عمل بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 11 سو سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 130 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب میں کوروناوائرس کےمصدقہ مریضوں کی تعداد 405، بلوچستان100 سے زائد، سندھ417،آزاد کشمیرمیں ایک کیسز ہیں۔ جبکہ ابھی تک 21مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ موجودہ حالات میں ملک بھر میں جزوی لاک ڈاون کیا جا چکا ہے۔ حکومت نے حالات بہتر نہ ہونے کی صورت میں آنے والے دنوں میں مزید سخت اقدامات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہونے کا خدشہ ہے۔