حکومت نے آئی سی ٹی سٹی ایپ لانچ کر کے ایک اور وعدے کی تکمیل کر دی ہے‘ ایپ سے حکومت براہ راست عوام کی دہلیز تک پہنچی ہے‘ شہر کے تمام محکمے اکٹھے آپ کی دسترس میں ہیں‘ اسلام آباد میں آزمائشی دورانیے کے بعد یہ سروس دیگر شہروں میں بھی متعارف کروائیں گے

وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

جمعہ 27 مارچ 2020 00:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی سی ٹی سٹی ایپ لانچ کر کے ایک اور وعدے کی تکمیل کر دی ہے، ایپ سے حکومت براہ راست عوام کی دہلیز تک پہنچی ہے اور شہر کے تمام محکمے اکٹھے آپ کی دسترس میں ہیں۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ کرونا وائرس کووڈ۔

(جاری ہے)

19 کی وباء کے وقت میں یہ ایپ اہمیت اختیار کر چکی ہے جب آپ کو 43 مختلف خدمات آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں ای پولیسنگ، ایمرجنسی سروسز، این آئی سی، ڈومیسائلز، پاسپورٹس، اسلحہ لائسنس، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی، اموات اور پیدائش کے سرٹیفکیٹس اور دیگر خدمات شامل ہیں۔

ایپ سے انتظامیہ ضروری طبی ضروریات سمیت دیگر اشیاء اور مصنوعات کی قلت پر جلد از جلد اقدامات کر سکے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سے شہریوں کو سہولیات کے لئے لمبی لمبی لائنوں میں لگنے اور سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے نجات حاصل ہوگی، اسلام آباد میں آزمائشی دورانیے کے بعد یہ سروس دیگر شہروں میں بھی متعارف کروائیں گے۔