خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے خاتون انتقال کرگئی

کورونا وائرس سے خیبرپختونخواہ میں چوتھی اور ملک بھر میں اموات کی تعداد12ہوگئی، کل مصدقہ کیسز کی تعداد1431 تک جا پہنچی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 مارچ 2020 21:23

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے خاتون انتقال کرگئی
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2020ء) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے خاتون انتقال کرگئی، کورونا وائرس سے خیبرپختونخواہ میں چوتھی اور ملک بھر میں اموات کی تعداد12 ہوگئی، کل مصدقہ کیسز کی تعداد1431 تک جا پہنچی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لوئر دیر کے علاقے مدینہ آباد زیارت تالاش گاؤں کی خاتون چند روز انتقال کر گئی تھیں۔ معلوم ہوا ہے کہ خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر تیمر گرہ کے مطابق کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پورے گاؤں کو قرنطینہ قرار دےدیا گیا ہے۔ خاتون کے انتقال کے ساتھ خیبرپختونخواہ میں 4، پنجاب میں 5 جبکہ بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔ دوسری جانب مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں 8 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی جس سے صوبے میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے اسکے علاوہ مشتبہ افراد کی تعداد 894 تک پہنچ گئی جو مختلف قرنطین سنٹرز میں زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

345 افراد کے رزلٹ آنے کا انتظار ہے جبکہ 195 افراد کے ٹیسٹ نیگٹیو آئے ہیں۔ مزید برآں وفاقی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اعدادوشمار کے مطابق 28 مارچ کوعالمی سطح پرکورونا وائرس سے متاثرہ نمبر 6 لاکھ سے تجاوز کرگیا ہے، کل اموات28 ہزار کے قریب ہیں،ایک لاکھ 33 ہزار سے زائد لوگ صحت یاب ہوچکے ہیں، پاکستان میں آج کے دن 12ہزار218 مشتبہ کیسز ہیں، ان کے ٹیسٹ ابھی ہونے والے ہیں، جبکہ پاکستان میں1408کیسز کنفرم ہیں،ان میں 24 گھنٹے میں173کیسز کا اضافہ ہوا۔

ابھی تک 25 لوگ صحتیاب ہوئے، 725لوگ ہسپتالوں میں داخل ہیں، ابھی تک 11 اموات ہوچکی ہیں۔ ملک کے مختلف قرنطینہ میں7180 افراد موجود ہیں۔ بلوچستان133، سندھ میں 457، پنجاب 490 اور خیبرپختونخوامیں 180کیسز ہیں۔