Live Updates

احتساب عدالت نے چو ہدری شوگر ملزکیس میں سابق وزیرعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی اور دیگر کوحاضری سے استثنیٰ دے دیا

پیر 30 مارچ 2020 17:00

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) احتساب عدالت لاہورنے شریف خاندان کی ملکیتی چوہدری شوگر ملزکیس میں ریفرنس دائر ہونے تک سابق وزیرعظم نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔ عدالت نے سوموار کے روز نوازشریف ،مریم نواز اور یوسف عباس کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالتی سماعت کے موقع پرشریف فیملی کیخلاف چوہدری شوگر ملز کیس میںسابق وزیراعظم نوازشریف کے بھتیجے یوسف عباس کو عدالت میں پیش کیا گیا۔نوازشریف کے وکلا ء نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نوازشریف کی صحت ابھی تک خراب ہے،بیرون ملک ڈاکٹرزنے مکمل صحت یاب قرارنہیں دیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نوازشریف کی حاضری معافی کی درخواست منظورکی جائے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران شریف فیملی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب کی جانب سے ابھی تک ریفرنس دائر نہیں کیا گیا،تینوں ملزمان کی ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہوچکی ہے،عدالت ریفرنس دائر ہونے تک نواز شریف،مریم نواز اور یوسف عباس کو حاضری سے استثنیٰ دے۔احتساب عدالت نے ریمارکس دہتے ہوئے کہا کہ جب ریفرنس دائر ہوگا تو ملزمان کو طلب کرلیا جائیگا۔

عدالت نے ریفرنس دائر ہونے تک نواز شریف ،مریم نواز اور یوسف عباس کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔ نیب تفتیش کے مطابق نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف اور ان کے بھائی عباس شریف کے اہلِ خانہ، ان کے علاوہ امریکا اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کچھ غیر ملکی اس کمپنی میں شراکت دار ہیں۔ چوہدری شوگر ملز میں سال 2001 سے 2017 کے درمیان غیر ملکیوں کے نام پر اربوں روپے کی بھاری سرمایہ کاری کی گئی اور انہیں لاکھوں روپے کے حصص دیے گئے۔

اس کے بعد وہی حصص متعدد مرتبہ مریم نواز، حسین نواز اور نواز شریف کو بغیر کسی ادائیگی کے واپس کیے گئے جس سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ کمپنی میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے غیر ملکیوں کا نام اس لیے بطور پراکسی استعمال کیا گیا کیوں کہ شریف خاندان کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جانے والی رقم قانونی نہیں تھی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات