کورونا پر مشترکہ حکمت عملی بنانے کیلئے پیپلز پارٹی کی اے پی سی (آج )ہو گی

حسن مرتضیٰ کا پرویز الٰہی کو ٹیلیفون، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی سمیت دیگر کو بھی دعوت دیدی گئی

پیر 30 مارچ 2020 17:00

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے کے لئے پیپلز پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ۔ پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے چوہدری پرویز الٰہی کو بطور صدر مسلم لیگ (ق)پنجاب فون کر کے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ۔

(جاری ہے)

دونوںرہنمائوںنے مشاورت سے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا ۔ سید حسن مرتضی کے مطابق اے پی سی آج (منگل) دوپہر دو بجے وڈیو لنک پر قمر زمان کائرہ کی زیر صدارت میںہوگی ۔جماعت اسلامی اور (ن)لیگ بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کر چکے ہیں۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کو بھی اے پی سی کیلئے مدعو کیا ہے ،سیاست عبادت ہے اے پی سی کا ایجنڈہ عوام کو کورونا کی وبا سے محفوظ رکھنا ہے ،حکومت اور تمام جماعتیں الگ الگ کام کر رہی ہیں ،ہم چاہتے ہیں کہ مشترکہ حکمت عملی کی ساتھ سب مل کر موثر قدم اٹھائیں۔