قراقرم یونیورسٹی کورونا وائرس کے باعث ہونے والی چھٹیوں میں طلبا کے لیے آن لائن ٹیچنگ اینڈ لرننگ منیجمنٹ سسٹم شروع کررہی ہے ،ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ

پیر 30 مارچ 2020 20:35

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاہے کہ کوروناوائرس کی وجہ سے چھٹیوں میں یونیورسٹی اپنے طلبا کے لیے آن لائن ٹیچنگ اینڈ لرننگ سسٹم کا آغاز کررہی ہے۔اس کو مکمل سمسٹر نہ سمجھا جائے۔ اس کا مقصد طلبا کو چھٹیوں میں بھی زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔

جوں ہی چھٹیاں ختم ہوجائینگی اور یونیورسٹی کھلے گی طلبہ وطالبات کے ریگولر شارٹ سمسٹر شروع کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر نے قراقرم یونیورسٹی کی طرف سے آن لائن ٹیچنگ اینڈ لرننگ منیجمنٹ سسٹم شروع کرنے کے حوالے سے چند عناصر کی طرف سے آن لائن سسٹم کی افادیت کو ختم کرنے سے متعلق من گھڑت افواہیں پھیلانے کو مسترد کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرنے کہاکہ آن لائن ٹیچنگ اینڈ لرننگ سسٹم کے حوالے سے چند لوگ گمراہ کن مواد طلبا کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔طلبا ان گمراہ کن باتوں پر کان نہ دھریں بلکہ طلبہ آن لائن ٹیچنگ اینڈ لرننگ منیجمنٹ سسٹم میں اپ لوڈ ہونے والے ٹیچنگ مواد سے استفادہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہاکہ آن لائن لرننگ سسٹم کا بنیادی مقصد چھٹیوں کے دوران طلبا کو پڑھانے اور سکھانے کا سلسلہ جاری رکھنا ہے اور ان کو تمام لیکچرزآن لائن مہیاکرناہے۔

تاکہ وہ استفادہ کریں۔ یونیورسٹی طلبا کی چھٹیوں کو اچھے انداز میں استعمال میں لانا چاہتی ہے۔ وائس چانسلر نے اس ضمن میں مزید وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ من گھڑت تبصروں کی طرف طلبا اور عوام الناس توجہ مرکوز نہ کریں یونیورسٹی آن لائن سسٹم کے ذریعے سمسٹر نہیں چلارہی ہے بلکہ اس کے ذریعے یونیورسٹی اپنی لرننگ سسٹم کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنارہی ہے۔

وائس چانسلر نے کہاکہ اس کے علاوہ قراقرم یونیورسٹی ایس سی او کے ساتھ مل کربھی کام کررہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ سبھی طلباء تک آن لائن ٹیچنگ اینڈ لرننگ سسٹم تک آسان رسائی یقینی ہو۔ وائس چانسلر نے کہاکہ چھیٹوں میں مزید اضافہ کی صورت میں ہائیرایجوکیشن کمیشن کی طرف سے واضح الفاظ میں احکامات جاری ہوئے ہیں کہ یونیورسٹیاں آن لائن سسٹم کے ذریعے سمسٹر چلائیں۔مگر ہمارے یہاں انٹرنیٹ کا بہتریں سہولیات میسر نہیں ہے اس لئے فی الحال آن لائن سمسٹر چلانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔