حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرتے رہیں گے، میڈیا صنعت سے وابستہ مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، واجبات کی ادائیگیوں کے معاملہ کے حل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں،

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا قومی اخبارات اور ٹی وی چینلز کے مالکان اور ایڈیٹرز سے ملاقات میں اظہار

منگل 31 مارچ 2020 00:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے قومی اخبارات اور ٹی وی چینلز کے مالکان اور ایڈیٹر کی تنظیموں اے پی این ایس، سی پی این ای اور پی بی اے کے نمائندگان نے ملاقات کی جس میں میڈیا صنعت کو درپیش مسائل اور کورونا کے چیلنج کے تناظر میں میڈیا کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی اور پرنسپل انفارمیشن افسر طاہر حسن بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی جمہوری حق پر کامل یقین رکھتی ہے، آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرتے رہیں گے، آزادی صحافت اور جمہوریت ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا صنعت سے وابستہ مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، وزیراعظم عمران خان نے میڈیا ہاؤسز کے واجبات ادا کرنے کی واضح ہدایات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واجبات کی ادائیگیوں میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، ادائیگیوں کے معاملہ کے حل کی جانب جلد از جلد بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اور میڈیا ورکرز کورونا کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں، صحافی اور میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کیلئے الگ سے اجلاس بلایا جائے گا۔ معاون خصوصی نے سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی کی پیشہ وارانہ امور کی احسن انداز سے انجام دہی پر تعریف کی۔ ملاقات میں خوشنود علی خان، مہتاب خان، سردار خان نیازی، دریدقریشی، محسن بلال خان، خاورگھمن، اختر وقار عظیم اور ٹکا خان شامل تھے۔