اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار دے دیا

اگر دنیا نے وائرس پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر اقدامات نہ کیے تو اس سے پوری عالم انسانیت کو خطرہ ہے اور لاکھوں جانیں ضائع ہو سکتی ہیں، اقوام متحدہ

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 1 اپریل 2020 10:51

اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار ..
نیویارک(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-01اپریل2020ء) چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ابھی تک اس کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ پوری دنیا میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے8 لاکھ 59 ہزار افراد متاثرہو چکے ہیں جبکہ42 ہزار سے زیادہ افراد اس کا شکار ہوکر ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے خبردار کر دیا گیا ہے کہ اگر دنیا نے وائرس پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر اقدامات نہ کیے تو اس سے پوری عالم انسانیت کو خطرہ ہے اور لاکھوں جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔

اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے بھی کورونا وائرس کو ایک عالمی وبا قرار دیتے ہوئے خطرات کا اظہار کر دیا ہے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کی جانب سے امیر ممالک کو بھی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ غریب ممالک کی مدد کریں کیونکہ اس مشکل وقت میں بہت سے ممالک کے لئے مشکلات سے لڑنا مشکل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز یورپی ممالک میں وبا پھوٹنے کے بعد سے اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ کی گئی جب کہ امریکا ایک ہی روز میں 800 ہلاکتوں کے بعد اموات کے اعتبار سے چین سے بھی آگے نکل گیا ہے۔

امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 700 سے زائد ہو چکی ہے جب کہ چین جہاں دنیا میں سے سے پہلے وائرس آیا تھا وہاں اموات کی تعداد 3 ہزار 282 ہے۔ان تمام صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کورونا وائرس جنگ عظیم دوئم سے زیادہ بحران پیدا کرے گا جس سے لڑنے میں پوری دنیا کو مشکلات کا سامنا کرنا ہو گا۔

یاد رہے کہ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو ہفتے امریکا کے لیے انتہائی درد ناک ہوں گے۔پوری دنیا کے ماہرین کی جانب سے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اس میں ابھی تک کسی قسم کی کوئی کامیابی سامنے نہیں آئی۔ یہی وجہ سے ہے کہ عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کی جانب سے آگاہ کیا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کو شدید بحران کا سامنا کرنا ہو گا جو شاید جنگ عظیم دوئم میں بھی نہ دیکھنے کو ملا ہو۔