پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے جاوید علی شاہ کورونا وائرس کا شکار

جاوید علی شاہ نے اس وقت ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا جب ان کو ملنے آنے والے شخص میںکورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 1 اپریل 2020 12:12

پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے جاوید علی شاہ کورونا وائرس کا شکار
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-01اپریل2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے جاوید علی شاہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ دن قبل انہوں نے ایک ڈاکٹرکو اپنے گھر دعوت پر بلایا تھا۔ کچھ دن بعد ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔ جاوید علی شاہ کا کہنا ہے کہ ان کو جب ڈاکٹر کے متاثر ہونے کی اطلاع ملی تو انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد ان کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا جس کے بعد اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ ان میں بھی کورونا وائرس موجود ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ آتے ہیں میں نے خود کو آئسولیشن میں منتقل کردیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق میں مکمل صحت یاب ہونے تک اکیلا رہوں گا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی سندھ کے وزیر تعلیم اور رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی میں بھی کورونا وائر س کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے کچھ دنوں کے لئے خود کو آئسولیشن میں رکھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرنےکے بعد اب وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں لیکن ابھی بھی ڈاکٹروںنے انہیں احتیاط کرنے کا کہا ہے۔ جاوید علی شاہ پیپلز پارٹی کے دوسرے ایم پی اے ہیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ پوری دنیا کی طرح کورونا وائرس نے اس وقت پاکستان میں بھی تباہی مچائی ہوئی ہے۔ ابھی تک اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 26 افراد اس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے ، اسی وجہ سے ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے تا کہ لوگوں کو گھروں سے نکلنے سے منع کیا جائے۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے بھی عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں کیونکہ اسی طرح اس وائرس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔