امریکی پارلیمان کے32 اراکین نے ایران سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کردیا

برنی سینڈرز سمیت دیگر ارکان پارلیمان نے امریکی وزیرخارجہ اور وزیرخزانہ کو خط لکھا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 1 اپریل 2020 12:21

امریکی پارلیمان کے32 اراکین نے ایران سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کردیا
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم اپریل۔2020ء) امریکی پارلیمان کے32 اراکین نے ایران سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے‘ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار برنی سینڈرز سمیت دیگر ارکان پارلیمان نے امریکی وزیرخارجہ اور وزیرخزانہ کو خط لکھ دیا ہے.اراکین نے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ سخت پابندیاں ایران میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں‘خط میں مزید کہا گیا کہ امریکہ ایران تنازعہ کورونا سے پریشان معصوم لوگوں کی مدد میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے.

(جاری ہے)

اس سے قبل امریکہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ ایران پر پابندی میں نرمی پر از سر نوغور کر سکتا ہے لیکن امریکہ کی پابندیاں خوراک اور ادویات پر نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ امریکیوں کے لیے آئندہ 2 ہفتے مشکل اور تکلیف دہ ہوں گے.امریکی وزیر خارجہ نے ایرانی لیڈروں کو ایک بار پھرآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایرانی لیڈر اپنے عوام کو بھوک وافلاس کا شکار کرکے بموں اور میزائلوں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں یہ ایرانی لیڈروں کی طرف سے عوام کے لیے ایک سزا ہے.پومپیو نے کہا کہ ایران خطے میں امن نہیں آشتی اور یمن میں حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب پر حملوں کی روک تھام چاہتا ہے‘انہوں نے کہا کہ ہم امریکا کو درپیش کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیں گے عراق میں امریکا مخالف عناصر کے خلاف کارروائی اس کی زندہ مثال ہے.حال ہی میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ امریکا کی طرف سے ایران پرعائد کی گئی اقتصادی پابندیوں کے نتیجے میں کرونا کے خلاف جنگ لڑنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں. تاہم امریکا اس حوالے سے ایرانی الزامات کو رد کرچکا ہے امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایران پر پابندیوں میں طبی سامان اور ادویات پرپابندی شامل نہیں ایرانی لیڈر کرونا کے خلاف اقدامات میں اپنی ناکامی چھپانے کے لیے الزام امریکیوں پرتھوپ رہے ہیں.گزشتہ روز روز جرمن وزات خارجہ کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ایران کو کرونا سے بچاﺅ کے لیے طبی سامان اور ادویات کی ایک بڑی کھیپ بھیجی گئی ہے.بین القوامی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران نے جواباً امریکہ پر طبی دہشت گرد ہونے کا الزام عائد کیا ہے‘واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 42 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 8 لاکھ سے بڑھ گئی.