جنوبی وزیرستان میں ڈویژن اور تحصیل کی سطح پر 8قرنطینہ سنٹر قائم

قبائلی ضلع میں کورونا وائرس کے کل گیارہ مشتبہ مریضوں میں سے 9 کے رزلٹ منفی و آگئے ،صرف دو مشکوک مریضوں کے ٹیسٹ باقی ہیں جنوبی وزیرستان میں دیہاڑی دار اور غرباء میں راشن بھی تقسیم کیا جارہا ہے، ڈپٹی کمشنر حمیدا للہ خان خٹک

جمعہ 3 اپریل 2020 23:10

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2020ء) قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں ڈویژن اور تحصیل کی سطح پر 8قرنطینہ سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں کورونا وائرس کے کل گیارہ مشتبہ مریض تھے ۔جن میں سے 9مریضوں کے رزلٹ منفی آگئے ہیں اور صرف دو مشکوک مریضوں کے ٹیسٹ باقی ہیں ۔ جنوبی وزیرستان میں دیہاڑی دار اور غرباء میں راشن بھی تقسیم کیا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنر حمیدا للہ خان خٹک نے جمعہ کے دن اپنے دفتر میں قبائلی عمائدین و میڈیاکے نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا ۔ حمید اللہ خان خٹک کا کہناتھا کہ قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے سرحدیں افغانستان اور بلوچستان سے لگی ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

مگر پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ نے حالیہ کورونا وباء کی روک تھام کے لئے بڑے اور مئوثر اقدامات شروع کئے ہیں۔

جس کے تحت پاک افغان سرحد انگور اڈہ اورقبائلی ضلع جنوبی وزیرستان و بلوچستان سے ملنے والی پٹی پر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ 23مارچ کی شام سے ملک بھر کی طرح قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں بھی لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل در آمد شروع ہے۔اس کے علاوہ ہر ڈویژن اور تحصیل کی سطح پر قرنطینہ سنٹرکھولے گئے ہیں۔ جس میں ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا ، شولام ہسپتال،کیٹیگری ڈی ہسپتال توئے خلہ ، سول ہسپتال لدھا ، کیٹیگری ڈی ہسپتال مولے خان سرائے، بی ایچ یو تیارزہ ، سراروغہ سول ہسپتال وغیرہ کل آٹھ قرنطینہ سنٹر کھولے گئے ہیں۔

اور ان سنٹروں میں ڈاکٹر اور دیگر تجربہ کار عملہ تعینات کردیاگیا ہے۔ تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بروقت کام کرسکیں ۔اور اس خطرناک وائرس کو پھیلنے نہ دیں ۔ انھوں نے کہا کہ قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں کورونا وائرس کے تقریبا 11مشتبہ مریض موجود تھے ۔جن کے ٹیسٹ کر کے 9مریض کلئیر ہوکر ان کی رپورٹ نیگیٹو آگئی ہے ۔اور صرف دو مشکوک مریضوں کے ٹیسٹ باقی ہیں ان کی رپورٹ بھی ایک دو دن میں آجائے گی ۔

انھوں نے کہا کہ ہر پوائنٹ پر گزرنے والے افراد کی طب کا عملہ چیک اپ کرتے ہیں اور ان کا اچھی طرح معائنہ کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں دیہاڑی دار اور غریب افراد کے میں آٹا اور دیگر سامان کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔اور اور سستے داموں آٹا بھی گاؤں گاؤں پہنچا ئی جارہی ہے ۔تاکہ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں اشیاء خورد ونوش کی کسی قسم کی کمی پیدا نہ ہوجائے ۔