سندھ حکومت کا 14 اپریل سے کاروبار جزوی بحال کرنے کا عندیہ

کاروباری سرگرمیاں صنعت مالکان کی درخواست پر بحال کی جائیں گی، تاکہ ایکسپورٹ آرڈرز کو یقینی بنایا جاسکے گا، صنعتوں کو چلانے اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے باقاعدہ ایس اوپیز جاری کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 5 اپریل 2020 18:28

سندھ حکومت کا 14 اپریل سے کاروبار جزوی بحال کرنے کا عندیہ
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل 2020ء) سندھ حکومت نے14 اپریل سے کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر بحال کرنے کا عندیہ دے دیا،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کوشش ہے 14اپریل کے بعد مرحلہ وار کاروباری سرگرمیاں بحال کردیں، صنعتوں کو چلانے اور کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے ایس اوپیز بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ سند ھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ صنعتکاروں نے درخواست کی ہے کہ صنعتیں شرائط رکھ کر کھول دی جائیں۔

صنعتکاروں نے ایکسپورٹ کے آرڈرز پورے کرنے کیلئے درخواست کی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ چودہ اپریل کے بعد مرحلہ وار کاروباری سرگرمیاں کھول دی جائیں۔ اگر کورونا وائرس کا خطرہ نہ ہوتا تو صنعتوں کا پہیہ چلنے سے کبھی نہ روکتے۔ واضح رہے سندھ میں لاک ڈاؤن نے کورونا سے بڑے المیے کو جنم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ روزی روٹی کے لیے محتاج ہو گیا ہے۔

سندھ حکومت تاحال راشن کی فراہمی کا میکنزم ہی نہ بنا سکی۔ غریبوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی، ہزاروں افراد سڑکوں پر آ گئے۔ کورونا کے خلاف لاک ڈائون کی حکمت عملی نئے بحران کو جنم دینے لگی۔ دیہاڑی دار طبقہ بھوک کے سامنے بے بس ہو گیا۔ اس وجہ سے بھی سندھ حکومت نے کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2880 ہوگئی ، 45 افراد اس موذی مرض سے جاں بحق اور 170 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے جاری کردی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 172 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 2880 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک شخص اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہوگئی ، مجموعی طور پر 170 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 1163، سندھ میں 864، خیبر پختونخوا میں 372 ، بلوچستان میں 185، اسلام آباد 78، آزاد کشمیر 12 اور گلگت بلتستان میں 206 کورونا کے مریض ہیں۔