جرمن میئر نے جان بوجھ کر خود کو کورونا سے متاثر کر کے تنازعہ کھڑا کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 6 اپریل 2020 23:54

جرمن میئر نے جان بوجھ کر خود کو کورونا سے متاثر کر کے تنازعہ کھڑا کر ..

اگرچہ دنیا بھر میں صحت کے ماہرین لوگوں کو تنہا ہونے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کا کہہ رہے ہیں تاکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ کم  ہو سکے  لیکن ایک جرمن میئر نے اس کا الٹ کیا ہے۔انہوں نے جان بوجھ کر خود کو وائرس سے متاثر کیا ہے تاکہ  اُن میں اس کے خلاف مدافعت پیدا ہو سکے۔
برلن ڈسٹرکٹ میئر سٹیفن وون ڈاسیل نے جرمنی میں ایک نئے تنازعے کو جنم دے دیا ہے۔

انہوں  نے اپنی پارٹنر کے کورونا  سے متاثر ہونے کے بعد خود کو بھی  اس  وائرس سے متاثر کیا تاکہ اس کے خلاف مدافعت پیدا کر سکیں اور دوسروں کے بیمار ہونے پر کام کر سکیں۔سٹیفن کی یہ حرکت صحت کے ماہرین کی ہدایات کے خلاف تھی۔ سٹیفن نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اس وائرس کو کم تر سمجھا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ جتنا سوچتے تھے،ا س سے زیادہ بیمار رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوچا تھا کہ وہ تین دن بیمار رہیں گے اور اس کے بعد اُن میں مدافعت پیدا ہوجائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وہ انجانے میں  اس وائرس سے متاثر ہونا اور اسے پھیلانا نہیں چاہتے تھے، اس وجہ سے خود سے متاثر ہوئے لیکن یہ اُن کی سوچ سے زیادہ بدترین تھا۔
سٹیفن کا بیان سامنے آنے کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے اُن پر کافی تنقید کی  ہے۔  صارفین نے انہیں غیر ذمہ دار شخص  قرار دیا ہے۔

سٹیفن نے اپنا دفاع کرتے ہوئے بتایا کہ  اُن کے بیان کو ٹھیک سے سمجھا نہیں گیا۔ اُن کے پارٹنر کا ٹسٹ مثبت   آنے اور اُن کے ساتھ رہنے سے وہ کورونا سے  متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے تھے، اس لیے انہوں نے خود ہی خود کو متاثر کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک ذمہ دار شخص ہے، وہ اس عرصہ میں سب سے الگ رہے اور اب وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔

جرمن میئر نے جان بوجھ کر خود کو کورونا سے متاثر کر کے تنازعہ کھڑا کر ..