کورونا وائرس،مشکل صورتحال ،صنعتی پہیہ جام اور ایکسپورٹ آرڈرز کینسل ہوچکے ہیں، زبیرطفیل

بدھ 8 اپریل 2020 19:32

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سیکرٹری جنرل زبیر ایف طفیل نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے سبب صنعتی و کاروباری ادارے بندہونے سے کاروباری سرگرمیاں ختم ہوچکی ہیں ، ایکسپورٹ کی آرڈرز کینسل ہوچکے ہیں،صنعتی پہیہ جام ہوچکا ہے ،صنعتی پیداواری سرگرمیاں بند ہونے کی وجہ سے ورکرز اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں،سرمایہ کی فراہمی رک جانے سے اورایکسپورٹ کی بندش سے بہت سی صنعتیںبالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں نادہندگی کے قریب پہنچ کربند ہونے کے قریب ہیں،ان حالات میں وزیراعظم عمران خان فوری طور پر صنعتوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں ۔

بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میںزبیرطفیل نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان فوری طور پر مارک کو 5 فیصد کرے کیونکہ ان حالات میں اور آنے والے ایک سال تک کوئی بھی انڈسٹری مارک اپ ادا کرنے کے قابل نہیں ہوگی،دنیا بھر میں مارک اپ ختم کیا جارہا ہے تاکہ وہاں کی صنعتیں اپنے پیروں پر کھڑی ہونے کے قابل رہیں، حکومت کو چاہئیے کہ وہ تعمیراتی صنعت کی طرح کا پرکشش پیکج صنعتوں کیلئے بھی دے تاکہ کوروناوائرس کی وباء ختم ہونے کے بعد ملکی صنعتیں اپنے پیروں پر کھڑی ہونے کے قابل ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان اس وقت شدید مشکل میں ضرور ہے لیکن مشکل کا یہ دور ضرور ختم ہوگا،ہمیں مجموعی طور پر مایوس ہونے کے بجائے اللہ سے کورونا وائرس کی وباء سے نجات کیلئے دعائیں مانگنی چاہئیں،ان حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی عوام کورونا سے بچائو کیلئے گھروں تک محدود رہیں اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت لاک ڈائون کی صورتحال میں عوام کی مشکلات میں کمی کیلئے تمام ممکنہ وسائل استعمال کرے ،یہ مشکل وقت ہے جو مقابلے کے بعد ختم ہوجائے گا،پاکستان پرمشکل وقت ہے ،ان حالات میں تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکر کورونا وائرس کا مقابلہ کریں اور سیاست سے گریز کریں۔