صدرڈاکٹر عارف علوی کا سول سیکرٹریٹ لاہور میں پنجاب حکومت کے کورونا کرائسسز مینجمنٹ سنٹر کا دورہ

وزیراعلی عثمان بزدار اور گورنر محمد سرور بھی ہمراہ تھے، صدر نے مختلف سیکشن دیکھے، مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا کورونا کرائسسز مینجمنٹ سنٹر بروقت معلومات کی رسائی کے حوالے سے پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے‘صدر عارف علوی

بدھ 8 اپریل 2020 20:18

صدرڈاکٹر عارف علوی کا سول سیکرٹریٹ لاہور میں پنجاب حکومت کے کورونا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے بنائے جانے والے کورونا کرائسسز مینجمنٹ سنٹر کا دورہ کیا- وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سنٹر کے مختلف سیکشن دیکھے اور مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا- صدرڈاکٹر عارف علوی نے کورونا کرائسسز مینجمنٹ سنٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ بروقت معلومات کی رسائی کے حوالے سے یہ پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے۔

صدرمملکت کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ کورونا کرائسسز مینجمنٹ سنٹر محکمہ داخلہ کی زیر نگرانی کام کررہا ہے اور کورونا وباء سے متعلق ہر امور پر 24گھنٹے نظر رکھی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

سنٹر کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات کوفی الفور متعلقہ محکموں کوآگاہ کیا جاتاہے جبکہ سنٹرکے ذریعے صوبے کے تمام اضلاع میں وبا ء کی صورتحال مانیٹر کی جاتی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تمام محکمانہ ہیلپ لائنز کی تشہیر کرنے کی ہدایت کی۔

صدرمملکت نے وباء پر قابو پانے کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیاہے۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ کورونا وباء سے متعلق ڈیٹا کو اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا کرائسسز مینجمنٹ سنٹر کے حوالے سے پنجاب حکومت کی کارکردگی کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھی صدر مملکت کو کورونا وباء کا پھیلائو روکنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے کورونا کرائسسز مینجمنٹ سنٹر کے حوالے سے صدر مملکت کو بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے مریضوں کا ڈیٹا جمع کرنے کے بارے میں صدر مملکت کو آگاہ کیا- صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد،چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھی-