سیکرٹری اور منیجنگ ڈائریکٹر کی نااہلی کے باعث ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب دیوالیہ ہو گیا

ایک کروڑ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر مالک نے 20 اپریل تک عمارت خالی کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ً پٹریاٹہ چیئر لفٹ کی بندش ، تنخواہوں کی ادائیگی مشکل، چولستان جیپ ریلی ٹی ڈی سی پی کا خزانہ نگل گئی

بدھ 8 اپریل 2020 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) محکمہ سیاحت پنجاب شدید مالی بحران کا شکار، کرائے کی عمارت کے 1 کروڑ روپے کے واجبات، عمارت مالکان کی 20 اپریل تک واجبات کلیئر کرنے یا بلڈنگ خالی کرنے کی ڈیڈ لائن، تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اور منیجنگ ڈائریکٹر کی نااہلی کے باعث ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب دیوالیہ ہو گیا ہے۔ شدید مالی بحران اور اعلیٰ حکام کی کرپشن کی وجہ سے ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود کرائے کی ادائیگی نہیں ہو سکی۔

ایک کروڑ روپے کے واجبات کی متواتر عدم ادائیگی پر مالک کی جانب سے 20 اپریل تک عمارت خالی کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر سیاسی بنیادوں پر تعینات ہونے والے ایم ڈی تنویر جبار شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں، عمارت کے مالک کی وارننگ اور شدید مالی بحران سے نکلنے کے سدباب کے لئے ایم ڈی ٹورازم نے گزشتہ روز حکومتی پابندی کو بلڈوز کرتے ہوئے گارڈن ٹائون میں کرائے کی عمارت میں واقع ٹی ڈی سی پی کے دفتر میں اہم اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں تمام افسران اور ملازمین کو مدعو کیا گیا، اس موقع پر حفاظتی انتظامات کی پرواہ کئے بغیر ایم ڈی کی زیر نگرانی دن بھر اجلاس جاری رہا۔

(جاری ہے)

افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد کے اجتماع کے باعث کرونا جیسی موذی مرض کے پھیلائو کا شدید خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ افسران اور ملازمین کی اکثریت نے ایم ڈی کے اس اقدام کی شدید مخالفت کی ہے، تاہم ایم ڈی کی طرف سے ٹی ڈی سی پی دفاتر کھولنے کے لئے کسی قسم کے ایس او پیز مرتب نہیں کیے گئے، صوبائی حکومت کی طرف سے لاک ڈائون کے احکامات کے برعکس ٹی ڈی سی پی دفاتر کے کھلنے کی وجہ سے ملازمین میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

انتہائی باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ٹی ڈی سی پی کا خزانہ افسران اور ملازمین کی مارچ کی تنخواہوں کی ادئیگی کے بعد خالی ہو گیا ہے۔ آئندہ تنخواہوں کی ادائیگی بھی مشکل دکھائی دے رہی ہے، موجودہ صورتحال میں ٹی ڈی سی پی کی آمدن کا واحد ذریعہ پٹریاٹہ چیئر لفٹ بھی بند ہو گئی ہے جبکہ حال ہی میں چولستان میں منعقد ہونے والی جیپ ریلی پر کروڑوں روپے کے اخراجات نے ٹی ڈی سی پی کو مکمل طور پر دیوالیہ کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :