عوام کو گھروں میں پائپ لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، پاسبان

جمعرات 9 اپریل 2020 19:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ عوام کو ان کے گھروں میں پائپ لائنوں کے ذریعے پانی کی بلا تعطل فوری فراہمی ممکن بنانا سٹی حکومت اور کراچی وا ٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ کراچی کے بیشتر علاقوں میںگذشتہ کئی سالوں سے عوام پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔

لاک ڈائون کی وجہ سے شہریوںکی زندگی مزید اجیرن ہو گئی ہے ۔اگر ان حالات میں پولیس عوام کو ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کرنے والوں کو بے جا تنگ کرے گی تو اس سے مزید مسائل جنم لیں گے ۔ گیس، بجلی اور پانی کی فراہمی ہر صورت میں بحال رہنی چاہئیے۔ پاسبان ڈیموکریٹک کا مطالبہ ہے کہ کراچی کے تمام عوام کو پائپ لائنوں سے پانی فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

جہاں جہاںپانی کی قلت ہے وہاںسستے داموں ٹینکرز کے ذریعے فی الحال پانی کی سپلائی جاری رکھی جائے ، حالات سازگار ہونے کے بعد کمشنر کراچی پانی سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولیس کے رویئے ، اقدامات یا رشوت ستانی کی وجہ سے شہر میں کہیں بھی پانی کا بحران پیدا نہ ہونے پائے۔

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے مزید کہا ہے کہ سیاسی طور پر وابستہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے ملازمین نے شہر کے مختلف علاقوں میں جان بوجھ کر پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا جس کے نتیجے میں عوام ٹینکرز کے ذریعے مہنگے داموں پانی خرید نے پر مجبور ہیں ۔لاک ڈائون کے دوران قلت آب والے شہریوں کو ٹینکر کے ذریعے پانی کاحصول ایک مجبوری ہے لیکن پولیس کی جانب سے فراہمی کے دوران ٹینکرز ڈرئیورز کو جگہ جگہ روکا جاتا ہے اور ان سے رشوت وصولی کے بعد جانے دیا جاتا ہے۔

عبدالحاکم قائد نے کہا کہ پاسبان تک یہ شکایت پہنچائی گئی ہے کہ ٹینکر ڈرائیوروں کو بے جا تنگ کئے جانے کے باعث پانی کی مزید پانی قلت اور پریشانی کا سامنا عوام کو کرنا پڑ رہا ہے ۔جبکہ ٹینکرز کا عملہ بھی مشکلات کا شکار ہے۔ہزاروں کی تعداد میں ٹینکر ڈرائیورز بے روزگار ہو گئے ہیں۔علاوہ ازیں پاسبان کو ٹینکرز ڈرائیورز کے ذریعے یہ بھی شکایت موصول ہوئی ہے کہ ٹینکرزکے ذریعے پانی کی ترسیل کے دوران جگہ جگہ پولیس انہیں روک کر ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کر رہی ہے اوربھاری جرمانے بھی وصول کئے جا رہے ہیں۔

عبدالحاکم قائد نے کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا کہ واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کی جائز شکایات کا فوری طور پر اس طرح سے ازالہ کیا جائے جس کے نتیجے میں شہر کے کسی حصے میں بھی پانی کی قلت پیدا نہ ہو اور غریب ڈرائیور بھی بیروزگاری سے بچ جائیں۔ٹینکر ز کے غریب ڈرائیورز اور دیگر عملہ بھی معاشرے کا غریب اور مزدور پیشہ طبقہ ہے اور انہیں بھی جینے کا حق ہے۔ لاک ڈائون کے بحرانی دور میں عوام کو پانی کی فراہمی کے لئے باہر نکلنے والے ان مزدوروں کو پولیس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کی ریشہ دوانیوں سے بچایا جائے ۔