کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا میں خوف کا ماحول اور صحت کے ساتھ معاشی و بھوک کا بحران پیدا کردیا ہے، محمدحسین محنتی

حکومتی دعوئوں کے برعکس مالکان کا ہزاروں مزدوروں کو برطرف، بغیر اجرت کے رخصت اور تنخواہوں میں کٹوتی سراسر ظلم ہے، امیرجماعت اسلامی سندھ

جمعرات 9 اپریل 2020 23:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا میں خوف کا ماحول اور صحت کے ساتھ معاشی و بھوک کا بحران پیدا کردیا ہے۔ حکومتی دعووں کے برعکس مالکان کا ہزاروں مزدوروں کو برطرف، بغیر اجرت کے رخصت اور تنخواہوں میں کٹوتی سراسر ظلم ہے۔

حکومت غریب و دھاڑی دار محنت کشوں کے ساتھ اس ناانصافی کا نوٹس لے۔مشکل کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کے کام آنے کا نام ہی انسانیت ہے۔جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار پہلے دن سے میدان عمل میں نکل کر بلاتفریق لاک ڈائون سے متاثر لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔جماعت اسلامی کی طرح دیگر سیاسی جماعتوں اور مالدار لوگوں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہالا میں الخدمت ہیلپ سینٹر ضلع مٹیاری کا دورہ، ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ امیر ضلع مٹیاری مولانا فقیر محمد لاکھو، الخدمت کے ضلعی صدر محمد امین منصوری اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ ذمہ داران نے صوبائی امیر کو الخدمت کے تحت ضلع بھرمیں کورونا ریلیف کی امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ اللہ کی فطرت کے خلاف قوانین اور استحصالی نظام کی وجہ سے وطن عزیز آج بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔ کلمہ و قرآن کے نام سے حاصل کردہ ملک میں 72 سال گذر جانے کے باوجود ایک دن کے لیے بھی اسلام کو نافذ نہیں کیا گیا۔عہد سے بے وفائی اور اللہ سے ناراضگی وجہ سے آج ملک کورونا سمیت مصیبتوں کے گھیرے میں ہے۔ نجات کا واحد حل اسلامی نظام۔ کرپشن سے پاک قیادت اور رجوع الی اللہ ہے۔