25 اپریل تک اموات کی تعداد700 کے قریب ہوسکتی ہے، غلام سرور خان

اسی طرح 25 اپریل تک کیسز کی تعداد70 ہزار ہوسکتی ہے، یہ ساری صورتحال کابینہ کو بتائی گئی، اوورسیزسے درخواست ہے، بہت مجبوری میں ہی واپس آئیں، کیونکہ وہ بیماری کو امپورٹ کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 9 اپریل 2020 20:32

25 اپریل تک اموات کی تعداد700 کے قریب ہوسکتی ہے، غلام سرور خان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2020ء) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ 25 اپریل تک مشتبہ کیسز کی تعداد 70 ہزار ہوسکتی ہے، ان کیسز میں اموات کی شرح 700کے قریب ہوسکتی ہے،یہ ساری صورتحال کابینہ کو بتائی گئی، اوورسیز کو کہتا ہوں بہت مجبوری میں ہی واپس آئیں،اس لیے لوگوں کو سماجی فاصلے اور احتیاطی رویہ اپنا ہوگا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ 25 اپریل تک مشتبہ کیسز کی تعداد70 ہزار تک ہوسکتی ہے۔

ان کیسز میں اموات کی شرح 700 کے قریب ہوسکتی ہے۔ فی الحال کورونا کیسز کا ٹرینڈ جس طرح جاری ہے، یہ ٹرینڈ اسی کی عکاسی کررہا ہے، جو پروجیکشن کابینہ کو بتائی گئی ہے۔ اسی کو مدنظر رکھ کر حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت اوورسیز پاکستانی 7.5 ملین ہے۔اس وقت ہم پر ان لوگوں کادباؤ ہے کہ جو واپس آنا چاہتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں 20 ہزار سے زائد لوگ واپس آنا چاہتے ہیں۔

یواے ای حکومت کا بھی پریشر ہے۔ اسی لیے دوسرے ممالک سے بھی لوگوں کا پریشر ہے۔ یکم اپریل سے گیارہ اپریل تک پی آئی اے لوگوں کو لے کر آئے گی۔ یوکے، ملائشیا، امریکا، یا دوسرے ممالک میں وزٹ ویزہ اور بزنس ویزے پر گئے ہوئے ہیں۔ ان لوگوں کو پہلی کیٹگری میں لے کر آئیں گے۔ اس آپریشن میں39 فلائٹ ہیں،18سو زیادہ لوگ آچکے ہیں۔ باقی لوگوں کیلئے بھی ہم اپنا شیڈول بنائیں گے۔

ہم ایران، سعودی عرب، یورپ سے جو لوگ آرہے ہیں، وہ بیماری کو لے کر آرہے ہیں، لیکن ظاہر ہے ان کو واپس آنا ہے، مجبوری ہے، تیسری کیٹگری کے لوگ جو دوسرے ممالک کے رہائشی ہیں، وہ وہاں پر رہیں اور اپنا علاج معالجہ کروائیں اگر وہ اس بیماری کا شکار ہیں۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے21 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت 14 اپریل کے بعد مزید لاک ڈاؤن جاری رکھنا چاہتی ہے، لاک ڈاؤن بڑھانے کی حتمی منظوری سندھ کابینہ دے گی۔