خواجہ برادران کی پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت 6مئی تک ملتوی

احتساب عدالت نے ملزمان کو آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا

منگل 21 اپریل 2020 22:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2020ء) احتساب عدالت لاہورنے مسلم لیگ ن کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق ،خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے موقع پر خواجہ سلمان رفیق عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی جبکہ نیب کیجانب سے پراسیکیوٹر عاصم ممتاز عدالت میں پیش ہوئے، عدالت کے روبروخواجہ سعد رفیق کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاک ڈائو ن اور کورونا وائرس کے خدشات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا،لہذا عدالت حاضری معافی کی درخواست منظور کرے،جس پرعدالت نے خواجہ سعد رفیق کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

(جاری ہے)

نیب استغاثہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیا اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا۔ نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔

نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔یاد رہے کہ پیراگون اسکینڈل کیس میں نیب کی جانب سے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق سمیت پانچ ملزمان کے خلاف اکتیس مئی دو ہزار انیس کو ریفرنس دائر کیا گیا جبکہ خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ریفرنس میں چار ستمبر کو فرد جرم عائد کی گئی تھی،نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے انسٹھ کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔۔