کرکٹ آسٹریلیا کے حکام کو ’’کمائی‘‘کے متبادل راستوں کی تلاش

بھارت کیخلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز بند دروازوں میں کھیلنے پر غور شروع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 اپریل 2020 15:05

کرکٹ آسٹریلیا کے حکام کو ’’کمائی‘‘کے متبادل راستوں کی تلاش
لاہور،سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22اپریل 2020ء ) کورونا وائرس کے پیش نظر کرکٹ آسٹریلیا کے حکام نے کمائی کے متبادل راستوں کی تلاش شروع کردی اور بھارت کیخلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز بند دروازوں میں کھیلنے پر غور شروع ہو گیا ہے ۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کھیل کی سرگرمیاں معطل ہونے سے کرکٹ آسٹریلیا کو 20 ملین ڈالرز سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے اور اگر رواں برس بھارتی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا بھی متاثر ہوا تو خسارہ قابو سے باہر ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا نے مالی بحران پر قابو پانے کیلئے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے ،رواں برس بھارت کیخلاف سیریز بند دروازوں میں کھیلی جا سکتی ہے جس کیلئے ایڈیلیڈ اوول کو ممکنہ وینیو قرار دیا جا رہا ہے جس کیلئے کھلاڑیوں کو گراؤنڈ کے نئے ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس کے مطابق گورننگ باڈی ہر ممکن طور پر تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے رواں سال کے اختتام تک شیڈول سیریز کو یقینی بنانا چاہتی ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی تنخواہیں جاری رکھنے کا انحصار بھارت کیخلاف سیریز پر بھی ہے ۔