جنوبی افریقی بیٹر نے انڈر 19 ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

ہفتہ 26 جولائی 2025 13:31

جنوبی افریقی بیٹر نے انڈر 19 ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی
ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)جنوبی افریقی بیٹر جورچ وین شالک وک نے انڈر 19 ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔جنوبی افریقی انڈر19 ٹیم کے اوپننگ بیٹر جوریچ وین شالک وک نے مینز یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کر کے نیا کارنامہ سرانجام دے دیا۔18سالہ بیٹر نے جمعہ کو زمبابوے کے شہر ہرارے میں سہہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں زمبابوے انڈر19 کے خلاف صرف 153 گیندوں پر 215 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

وہ یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔ان کی 215رنز کی اننگز میں 19چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔اس سے قبل یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں کسی بھی بیٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 191 رنز تھا، جو سری لنکا کے ہسیتھا بویاگوڈا نے 2018 میں بنایا تھا۔جورچ وین کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت جنوبی افریقی ٹیم آخری اوور میں 385 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔جواب میں زمبابوے انڈر19 کی پوری ٹیم 25 ویں اوور میں صرف 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔یوں جنوبی افریقی انڈر19 ٹیم نے میچ 278 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔