مخیر حضرات کا مصیبت کی اس گھڑی میں آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا قابل ستائش امر ہے‘ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

ہفتہ 25 اپریل 2020 21:40

مخیر حضرات کا مصیبت کی اس گھڑی میں آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا قابل ستائش ..
کوئٹہ 25اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2020ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی کی جانب سے کوئٹہ کے حلقہ این اے 265 کے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے بیروزگار ہونے والے دیہاڑی دار مزدوروں اور مستحق افراد کیلئے بھیجا گیا راشن کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں تقسیم کیا۔

(جاری ہے)

قاسم خان سوری نے جاوید آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین زلمی فاؤنڈیشن محترم جاوید آفریدی کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنھوں نے مشکل کی اس گھڑی میں میرے حلقے این اے 265 کوئٹہ کیلئے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیہاڑی دار مزدوروں اور دیگر مستحق افراد کیلئے راشن بھیجا۔

جاوید آفریدی کا شمار پاکستان کے محب وطن مخیر افراد میں ہوتا ہے۔'' ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ مخیر حضرات کا مصیبت کی اس گھڑی میں آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا قابل ستائش امر ہے اس لیے ناگزیر ہے کہ معاشرے کے دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی جاوید آفریدی کی طرح عملی قدم اٹھاتے ہوئے لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کے ساتھ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھرپور تعاون کریں۔۔