حکومت کاشتکاروں کی مالی معاونت کیلئے فوری اقدامات کرے،سکندرشیرپائو

پیر 27 اپریل 2020 21:08

حکومت کاشتکاروں کی مالی معاونت کیلئے فوری اقدامات کرے،سکندرشیرپائو
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2020ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے شدید بارش اور ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ژالہ باری کی بدولت کھڑی فصلیں ،باغات اور بالخصوص تمباکو جیسی نقد آور فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس حوالے سے کاشتکاروں میں مایوسی و محرومی پھیل چکی ہے لہٰذا حکومت اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھا کر کاشتکاروں کے نقصانات کا ازالہ کرے ۔

(جاری ہے)

وطن کور پشاور سے جاری کردہ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ضلع صوابی سمیت صوبہ کے متعدد اضلاع میں شدید طوفانی بارش و ژالہ باری سے تمباکو کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ دیگر علاقوں میں بھی گندم کی تیار فصل اور باغات کو شدید نقصان پہنچا۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت متاثرہ اضلاع کی سروے کرانے کا فوری طور پر بندوبست کرتے ہوئے تمباکو اور گندم کی تیار فصل کی تباہی کے ازالہ کیلئے کاشتکاروں کی مالی معاونت کیلئے فوری اقدامات کرے۔