Live Updates

رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ تمباکو نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے ،

تمباکونوشی ترک کر نے سے سینے کے مختلف امراض بھی کم ہوسکتے ہیں،ڈاکٹرندیم جاوید

بدھ 29 اپریل 2020 13:57

رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ تمباکو نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنے کا بہترین ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2020ء) فیصل آباد کے معروف ماہر امراض سینہ وپلمونالوجی ڈاکٹر ندیم جاوید نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ تمباکو نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے کیونکہ تمباکو نوشی کے عادی افراد جس طرح روزے کے دوران سگریٹ کا استعمال ترک کر دیتے ہیں اسی طرح اگر وہ افطار کے بعدبھی سگریٹ نوشی سے گریز کریں اور اس پورے ماہ کے دوران تھوڑی سے کوشش کرکے خود کو سگریٹ سے دور رکھیں تو اس عادت چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں مردوں کو سب سے زیادہ زبان، جبڑے اور حلق کا کینسر لاحق ہوتا ہے جسکی بنیادی وجہ گٹکا، چھالیہ، سگریٹ،تمباکو، نسوار اور پان ہے اسلئے اگر اس کا استعمال ترک کردیاجائے تو پاکستان سے 45فیصد کینسر کا خاتمہ ہوسکتا ہے جبکہ سینے کے مختلف امراض بھی کم ہوسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہمیں یہ موقع فراہم کررہاہے کہ ان تمام چیزوں سے چھٹکارا حاصل کر لیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک سگریٹ میں 5ہزار کیمیکل ہوتے ہیں جن میں سب سے زیادہ خطرناک ٹار، آرسینک اور کینڈ کم ہیں جو بیٹریوں میں استعمال ہوتے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ سگریٹ سے پھیپھڑوں اورآواز کے باکس (لیرکس) سمیت دیگر کئی اقسام کے کینسر ہوتے ہیں اس کے علاوہ سگریٹ میں کیمیکل نیکوٹین استعمال کیا جاتا ہے جو ایک قسم کی ہیروئن اور چرس ہے جوپینے والے کواپنا عادی بنا لیتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ روزے کی حالت میںشہری اس عادت اور شدید طلب کے باوجودخود کو سگریٹ نوشی سے دور رکھتے ہیں لیکن افطار کے بعد پھر سگریٹ پینا شروع کردیتے ہیں جس سے ان کی صحت کو شدید خدشات لاحق ہوسکتے ہیں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات