Live Updates

سیرتِ مصطفیؐ کا پیغام اتحاد و اخوت اور خیر خواہی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

عالمی میلاد کانفرنس سے گورنر پنجاب، علامہ عبدالحق ثانی، مولانا عبدالخبیر آزاد، شیخ احمد بدرہ، مفتی زبیر فہیم کا خطاب ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شرکائے عالمی میلاد کانفرنس کو خوش آمدید کہا مقررین نے عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامی فنڈز سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے خرچ کرنے کے اقدام کو سراہا

muhammad ali محمد علی اتوار 7 ستمبر 2025 18:50

سیرتِ مصطفیؐ کا پیغام اتحاد و اخوت اور خیر خواہی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ”سیرت نبوی ؐ کا اخلاقیاتی تجزیہ“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت مصطفیؐ کا حسین ترین پیغام باہمی نفرتوں،کدورتوں کا خاتمہ، اتحاد و اخوت اور خیر خواہی ہے۔

ولادت پاک کے ذریعے کائنات کی سب سے زیادہ حسین و جمیل صورت اور بعثت کے ذریعے کائنات کے افق پر عظیم الشان سیرت ظاہر ہوئی۔ آپؐ کی آمد سے انسانیت کا ایک ایسا کامل نقشہ ظاہر ہوا جسے اللہ رب العزت نے ابد الآباد تک اسوہئ حسنہ بنادیا۔ آپؐ کی محبت پر کائنات کا ہر کلمہ گو اور مکتب فکر یکسو اور یکجا ہے اور ہر مکتب فکر اپنے اپنے انداز کے ساتھ آقا کریمؐ کی محبت کا دم بھرتا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامی فنڈز سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے خرچ کرنے کے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اعلان کو بے حد سراہا۔ عالمی میلاد کانفرنس سے کانفرنس سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ سے محبت ہماری سب سے بڑی قوت ہے۔ ہماری تمام تر کمزوریوں کے باوجود محبت رسولؐ کے صدقے اللہ ہمیں ہر آزمائش سے سرخرو کرتا ہے۔

انہوں نے عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد اور بھرپور تیاریوں پر شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور اور ادارہ کے تمام منتظمین کو مبارکباد دی۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام (س) علامہ عبدالحق ثانی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے سعادت مندی کی بات ہے کہ میں منہاج القرآن کی ولادت پاک کے موقع پر پرنور کانفرنس کا حصہ ہوں۔

امام الانبیاؐ وجہ تخلیق کائنات ہیں، نبی اکرمؐ کی محبت ایمان کا تقاضا ہے، وہ شخص مسلمان ہی نہیں ہو سکتا جس کا دل حضور نبی اکرم ؐ کی محبت سے لبریز نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے پرمیں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور قبلہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تہ دل سے مشکور و ممنون ہوں۔ منہاج القرآن دل کو جوڑنے کی تحریک اور بلاشبہ اُمت کی بقا اتحاد و یکجہتی میں ہے۔

کینیڈا سے آئے ہوئے مہمان خصوصی شیخ احمد بدرہ نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ اسلام اور نبی کریمؐ سے محبت کرنے والے ہیں، شیخ الاسلام اور تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں امن و محبت کی خوشبوؤں بکھیر رہی ہے۔ مجھے پاکستان آ کر بے حد خوشی ہوئی، میری آنکھوں نے عالمی میلاد کانفرنس کی شکل میں آقا ؐ سے اظہار محبت کا ایک حسین منظر دیکھاہے۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپورنے تمام مہمانانِ گرامی کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے عالمی میلاد کانفرنس کو مینار پاکستان سے ایوان اقبال منتقل کیا اور جو اخراجات کی مد میں بچت ہوئی ہے وہ تمام اخراجات سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی پر خرچ ہونگے۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزادنے عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کی پوری قیادت کو شاندار کانفرنس کے اہتمام پر مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے میلاد کانفرنس کو مینار پاکستان کی بجائے ایوان اقبال میں منعقد کیا اور انتظامی فنڈز متاثرین کی مدد کے لئے خرچ کرنے کااعلان کیا۔ وائس چیئرمین مجلس وحدت المسلمین پاکستان علامہ سید اقبال رضوی، مفتی محمد زبیر فہیم صدر اتحاد المدارس العربیہ پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فی زمانہ تحریک منہاج القرآن نفرتوں کو ختم کرنے اور دلوں کو جوڑنے کا عظیم مصطفوی مشن لے کر چل رہی ہے۔

اُمت کو اتحاد و یکجہتی کی آج بہت ضرورت ہے۔ علمائے کرام کا علمی و فکری کردار اتحاداُمت کی اساس ہے۔ منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری،صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علمائے کرام و مشائخ عظام اور شرکائے عالمی میلاد کانفرنس کو ایوان اقبال لاہور میں خوش آمدید کہا۔

ایران سے آئے ہوئے مہمان قرأ استاذ القرآ حسنین جعفر حسن الھیلو، شیخ القرأ قاری حامد شاکر نژاد، فخر القرأ قاری سید جلال معصومی اورزینت القرأ قاری صالح مہدی زادہ نے رقت آمیز قرآن مجید کی تلاوت کر کے سماں باندھ دیا اور ایوان اقبال کا ہال اللہ اکبر کے نعروں سے گونجتا رہا۔ ثناء خوانِ مصطفیؐ نے مترنم اور نہایت دلنشیں انداز میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

عالمی میلاد کانفرنس میں صاحبزادہ دیوان احمد مسعود چشتی، صاحبزادہ صوفی اسد اللہ شاہ نقیبی، پیر آف کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، مخدوم پیر سید علی رضا گیلانی قادری، سید طاہر سجاد کاظمی، صاحبزادہ پیر سید علی رضا، پیر محمد طاہر نذیر نقشبندی، صاحبزادہ پیر محمد انور ڈوگر سیفی، صاحبزادہ پیر توصیف النبی، صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، صاحبزادہ پیر تبسم بشیر اویسی، علامہ مفتی ڈاکٹر ریاض احمد چشتی، صاحبزادہ احمد عاصم سلیم ہجویری، صاحبزادہ پیر سید دلبر حسین شاہ گیلانی، صاحبزادہ پیر محمد زاہد رضا نوری، صاحبزادہ پیر سید اصغر علی نقشبندی، صاحبزادہ پیر صوفی اطہر عباس صابری، صاحبزادہ پیر سید علی حیدر شاہ بخاری، پیر اختر رسول قادری، علامہ صاحبزادہ ڈاکٹر بدرمنیر سیفی نے شرکت کی۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض نظامت ایجوکیشن اینڈپروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر حافظ سعید رضا بغدادی اور ان کی ٹیم نے انجام دئیے۔ عالمی میلاد کانفرنس کے اختتام پر حضور نبی اکرمؐ کو نذرانہ درود و سلام پیش کیا گیا اور آمد مصطفیؐ مرحبا مرحبا کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات