جنوری سے تاحال ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے 1لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبہ کی سرویلنس اور متاثرہ علاقہ میں سپرے کیا جا چکا ہے‘

صوبہ بھر میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے سرویلنس کا عمل جاری ہے‘ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

ہفتہ 2 مئی 2020 21:20

لاہور۔2مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2020ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ صوبہ میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے جنگی بنیادوں پرکارروائیاں جاری ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان خان بزدار،وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل،سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید، ڈی جی پی ڈی ایم اے راجہ خرم شہزادودیگر اعلیٰ حکام متعدد بار ٹڈی دل کی سرویلنس اور کنٹرول آپریشن کے تحت جاری سرگرمیوں کا موقع پر جائزہ لے چکے ہیں۔

محکمہ زراعت کی بروقت کارروائیوں سے ٹڈی دل کے حملہ سے پنجاب میں فصلوں کو ابھی تک کوئی قابل ذکر نقصان نہیں پہنچا ۔ترجمان نے مزید کہا کہ صرف بہاولپور اور ساہیوال ڈویژن میں جنوری 2020 سے اب تک1لاکھ22ہزارہیکٹیرز رقبہ کی سرویلنس کی جاچکی ہے اور 1لاکھ10ہزار ہیکٹیرز رقبے پر سپرے کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

پاک آرمی،محکمہ زراعت پنجاب، پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ پر مشتمل ٹیموں کے تحت مشترکہ کنٹرول آپریشن جاری ہے۔

حکومت پنجاب نے سپرے مشینری اور زہریں ہنگامی بنیادوں پر خرید کر فیلڈمیں فراہم کی ہیں۔پاک آرمی کے ہیلی کاپٹرز اور بیورہوائی جہاز ضرورت کے مطابق ہوائی آپریشن بھی کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ٹڈی دل کے مکمل خاتمہ کیلئے پاک آرمی، محکمہ زراعت، پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ، فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت متعدد عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ٹڈی دل کا انڈوں، بچوں اور ہاپرز کی حالتوں میں تدارک یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ آئندہ نسل پروان نہ چڑھ سکے۔ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈزر کی باہمی کوششوں سے سرویلنس اور کنٹرول میں مزید بہتری آرہی ہے۔ محکمہ زراعت کی مرتب کردہ بہترین حکمت عملی پر عملدرآمد سے صوبہ بھر میں ٹڈی دل کے نقصان سے فصلیں محفوظ ہیں۔ پاک آرمی،محکمہ زراعت،پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ اورفیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی بہترین کوآرڈینیشن سے سرویلنس اور کنٹرول آپریشن نہایت کامیابی سے سرانجام دئیے جارہے ہیں۔

ہنگامی بنیادوں پر زہروں کی خریداری اور بروقت سپرے سے ابھی تک صورتحال کنٹرول میں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے محکمہ زراعت صحرائی مکڑی کے تدارک کیلئے شب روز ایک کئے ہوئے ہے جس کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔ کرونا وائرس کی وبائی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کی مشترکہ کاوشوں سے ٹڈی دل کے کنٹرول کے سلسلہ میں حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ صوبہ سے لوکسٹ کے مکمل تدارک تک تمام متعلقہ محکموں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور ان سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔