لیاقت یونیورسٹی حیدر آباد میں تجرباتی بنیادوں پر پہلی پلازمہ تھراپی

پیر 4 مئی 2020 13:16

حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2020ء) حیدرآباد میں کورونا وائرس کے تشویشناک حالت میں موجود مریض کی تجرباتی بنیادوں پر پلازمہ کے ذریعے تھراپی کی گئی۔لیاقت یونیورسٹی ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ کے فوکل پرسن ڈاکٹر آفتاب حسین پھٴْل نے اس پیشرفت کی تصدیق کی۔کورونا وائرس کے مرض سے صحتیاب ہونے والے مریض نے اپنا پلازمہ لیاقت یونیورسٹی ہسپتال اینڈ ہیلتھ سائنسز کی ڈائیگنوسٹک اینڈ ریسرچ لیبارٹری کو عطیہ کیا تھا اور اس پلازمہ کو آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ایک مریض میں لگایا گیا۔

ڈاکٹر آفتاب حسین نے بتایا کہ موجودہ حالات میں مریض کی حالت کو ہر ممکن حد تک سنبھالنے کے بعد انہیں پلازمہ دیا گیا۔30 اپریل کو حکومت سندھ نے 3 ہسپتالوں کو تجرباتی بنیادوں پر پلازمہ کے ذریعے کورونا کے علاج کی اجازت دی تھی،ان تین ہسپتالوں میں کراچی کا ڈاکٹر رتھ فا سول ہسپتال، کراچی کا نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیزز اور حیدر آباد کا لیاقت یونیورسٹی ہسپتال شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل حکومت نے پلازمہ کے کلینیکل تجزیے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز، سینی ٹائزر اور کلوروکوئن دوا کی تیاری کی بھی اجازت دے دی تھی۔اس تجرباتی تھراپی میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریض کا پلازمہ وائرس سے انتہائی بیمار شخص کو منتقل کیا جاتا ہے۔