محکمہ خوراک سندھ نے گندم کی صوبہ سے باہر منتقلی اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے سخت ہدایات جاری کر دیں

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران کی کارروائیوں میں ضبط کی گئی گندم کو خریداری تصور کیا جائے گا،محکمہ خوراک سندھ

منگل 5 مئی 2020 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2020ء) محکمہ خوراک سندھ نے گندم کی صوبہ سے باہر منتقلی اور گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے سخت احکامات جاری کر دیئے ہیں اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے رابطہ میں رہیں اور کارروائیوں کے لئے درکار معلومات اور دستاویزات کی فراہمی یقینی بنائیں.

(جاری ہے)

محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے افسران کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گندم کی صوبہ سے باہر منتقلی اور ذخیرہ اندوزی سے گندم کی قیمت بڑھ رہی تھی. جبکہ حکومت سندھ نے ڈپٹی کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو ویسٹ پاکستان فوڈ اسٹف (کنٹرول) ایکٹ 1958 کے تحت گندم کی صوبہ سے باہر منتقلی اور گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے اختیارات دے دئے ہیں. خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں چلتی ہوئی (فنکشنل) فلور ملز منظور شدہ 90 دن کی گندم کا ذخیرہ رکھنے کی مجاز ہیں. محکمہ خوراک سندھ نے وضاحت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی کارروائیوں میں ضبط کی گئی گندم کو خریداری تصور کیا جائے گا.

متعلقہ عنوان :