یہ کمپنی لگژری ہوٹلوں کی استعمال شدہ بیڈ شیٹس کو ڈیزائنر شرٹس میں بدل دیتی ہے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 6 مئی 2020 23:57

یہ کمپنی  لگژری ہوٹلوں کی استعمال شدہ بیڈ شیٹس کو ڈیزائنر شرٹس میں بدل ..

آرکائیوسٹ سٹوڈیو ، برلن ، جرمنی میں واقع کپڑوں کا ایک چھوٹا برانڈ ہے۔ حالیہ دنوں میں اس برانڈ نے اپنی سفید ڈیزائنر شرٹس کی بدولت کافی شہرت حاصل کی ہے۔ یہ کمپنی لگژری ہوٹلوں  کی استعمال شدہ لینن سے ڈیزائنر شرٹس بناتی ہے۔
ڈچ ڈریس ڈیزائنر  یوجینی ہیٹسما نے لندن میں مے فیئر کے علاقے میں قائم لگژری ہوٹل میں کام کرنے والے دوست  سے پوچھاکہ  ہوٹل میں استعمال ہونے والی نرم و نازک بستر کی چادروں کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہے۔

اس پر انہیں بتایا  گیا کہ اُنکے  ہوٹل میں استعمال ہونے والے مصری کاٹن سے  بنے تکیے اور چادریں ذرا سی پھٹنے پر بھی پھینک دی جاتی ہیں۔ اس پر یوجینی نے سوچا کہ اس کپڑے کو ضائع کرنے کی بجائے استعمال کرنا چاہیے۔انہیں فوراً خیال آیا کہ مصری کاٹن شرٹس کے لیے بہترین ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پچھلے سال تک  اپنے  اس خیال کا کسی سے بھی ذکر نہیں کیا۔

پچھلے سال وہ  اپنے ساتھی  ڈچ ڈیزائنر جوہانیز اوفرہاؤس سے بڈاپسٹ میں ملیں اور انہیں اپنے خیال سے آگاہ کیا۔دونوں نے اتفاق کیا کہ یہ آئیڈیا کام کر سکتا ہے۔بیڈ شیٹس کے بڑے سائز کی وجہ سے  اس میں سے آرام سے شرٹس بنائی جا سکتی ہیں۔جلد ہی انہیں اتنی زیادہ استعمال شدہ بیڈ شیٹس مل گئی کہ اُن کی پچھلے سال اور آئندہ کے تین سالوں کی طلب پوری ہوگئی۔

یہ چادریں انہیں تقریباً مفت ملیں کیونکہ ہوٹل انتظامیہ اپنا کباڑ مفت میں ٹھکانے لگنے پر کافی خوش تھی۔
یہ چادریں صاف کر کے رومانیہ کی فیکٹری میں بھیجی جاتی ہیں جہاں   ایک فیکٹری میں ان سے پرتعیش سفید شرٹس بنائی جاتی ہیں۔ اس شرٹ کی قیمت 140 یورو یعنی 150 ڈالر سے لیکر 160 یورو یعنی 172 ڈالر تک ہوتی ہے۔ کمپنی یورپی یونین میں اس شرٹس کی ترسیل مفت کرتی ہے۔
آرکائیوسٹ سٹوڈیو نے اس وقت چار طرح کی شرٹس پیش کی ہیں۔ ان میں سے ایک مردوں اور تین عورتوں کے لیے ہیں۔جلد ہی وہ اپنی مصنوعات میں مزید اضافہ بھی کریں گے۔