کویت میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا

خلیجی ملک نے کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے عائد پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا، مکمل کرفیو 30 مئی تک جاری رہے گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 مئی 2020 20:34

کویت میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا
کویت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2020ء) کویت میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا، خلیجی ملک نے کرونا، وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے عائد پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق کویت کی حکومت نے ملک بھر میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کرفیو کا آغاز اتوار 10 مئی دن 4 بجے سے شروع ہو جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ خلیجی ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث 20 اپریل کو 16 گھنٹے کا کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ کویت میں روزانہ دن 4 بجے سے صبح 8 بجے تک کرفیو نافذ رہتا تھا۔ تاہم اب مہلک وبا کے مسلسل پھیلاو کے باعث کرفیو کے اوقات میں اضافہ کر کے اسے 24 گھنٹے کا کر دیا گیا تھا۔ کویت میں اب 30 مئی تک 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ رہے گا۔

(جاری ہے)



دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ خلیجی ریاست کویت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 278 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،ان نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی گنتی 6,567 ہو گئی ہے۔

تمام کے تمام نئے کیسزمملکت میں پہلے سے موجود کورونا مریضوں سے میل جول کے باعث اس موذی وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ نئے مریضوں سے رابطے میں رہنے والے سینکڑوں افراد کے بھی ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔ کویت کے وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے بتایا کہ مملکت میں کورونا کے مزید 162 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ گئے، جس کے بعد کورونا سے شفا پانے والوں کی گنتی 2,381 ہو گئی ہے۔

اس وقت کورونا کے ایکٹو کیسز کی گنتی 2,745 ہے جن میں سے 70 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں زیر علاج ہیں جن میں سے 36 کی حالت تشویش ناک ہے۔ مملکت میں کورونا کے باعث مزید دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ان تازہ اموات کے بعد مملکت میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی گنتی 44ہو گئی ہے۔اس وقت مختلف ہسپتالوں میں کورونا کے 91 مریض آئی سی یو میں داخل ہیں جن میں سے 43 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

ڈاکٹر باسل الصباح کے مطابق گز شتہ چند دِنوں میں کویت میں کورونا مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس کی وجہ کورونا کے ٹیسٹوں کے عمل میں تیزی لانا ہے۔ اب تک مُلک بھر میں ایک لاکھ 90ہزار سے زائد افرادکے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ کویت میں جمعہ یکم رمضان سے 16 گھنٹے کے اس کرفیو پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس کے تحت ریستوران، کیفے ،تمام بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بازار بند ہیں۔اس کے علاوہ ریاست میں تمام تفریحی مقامات، کلب اور سیلون بند ہیں اور ان میں خواتین اور بچوں کا داخلہ ممنوع ہے۔