مہاتیرمحمد نے زندگی کے 100 برس مکمل ہونے کاتاریخی سنگ میل عبور کر لیا

مہاتیر محمد اپنی زندگی کی سنچری مکمل کرنے کے بعد بھی کافی متحرک نظر آتے ہیں،رپورٹ

جمعہ 11 جولائی 2025 15:36

مہاتیرمحمد نے زندگی کے 100 برس مکمل ہونے کاتاریخی سنگ میل عبور کر لیا
کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد نے تاریخی سنگ میل عبور کر لیا، وہ گزشتہ روز 100 برس کے ہو گئے ۔مہاتیر محمد نے اپنی زندگی کا نصف سے زائد حصہ سیاست اور عوامی خدمت میں گزارا ہے۔ملائیشیا کی اس اہم سیاسی شخصیت نے اپنی انقلابی قیادت کی وجہ سے مقبولیت حاصل کی۔مہاتیر محمد پہلی بار 1981 میں ملائیشیا کے وزیرِ اعظم منتخب ہوئے اور انہوں نے 2003 تک ملک کے چوتھے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں پھر 2018 کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے دوسری بار وزیرِ اعظم منتخب ہوئے اور 2020 تک ملک کے ساتویں وزیر اعظم کے طور پر اقتدار میں رہے۔

انہوں نے ملائیشیا پر سب سے طویل عرصہ حکومت کی اور ملک کے سب سے طویل عمر پانے والے وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی انہیں کے پاس ہے۔

(جاری ہے)

مہاتیر محمد اپنی زندگی کی سنچری مکمل کرنے کے بعد بھی کافی متحرک نظر آتے ہیں۔یہاں تک کہ اپنی 100ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خاندان کے تمام افراد سے سالگرہ کی مبارکباد موصول کرنے کے بعد اپنا مشہور سفاری سوٹ پہن کر کام کرنے کے لیے اپنے دفتر گئے۔

انہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی لائیو پوڈ کاسٹ میں کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو کیک، پھول، محبت بھرے خطوط لے کر مجھے 100 ویں سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لیے آئے۔مہاتیر محمد نے زندگی ایک سنچری مکمل ہونے پر کہا کہ 100 برس کا ہونا کافی خوفناک ہے۔انہوں نے پوڈ کاسٹ کے دوران ملائیشیا کی تاریخ کے اہم لمحات پر روشنی ڈالی، فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور چین کے عروج کے بارے میں بھی بات کی۔

مہاتیر محمد نے اپنی طویل عمر کے راز کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں واقعی ایسا کوئی راز نہیں جانتا، مجھے لگتا ہے کہ اگر انسان اتنا خوش قسمت ہے کہ مہلک بیماریوں کا شکار نہ ہو تو وہ طویل عرصے تک زندہ رہنے کے قابل ہو سکتا ہے۔انہوں نے لوگوں کو صحت مند رہنے کے لیے کم کھانے کا مشورہ بھی دیا۔مہاتیر محمد نے بتایا کہ میں تھوڑی بہت ورزش کرتا ہوں، پڑھنے، لکھنے، بات چیت کرنے اور نتیجہ خیز مباحثوں کے ذریعے اپنے دماغ کو متحرک رکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ اگر آپ اچھی طرح سے کام جاری رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے جسم اور دماغ کو متحرک رکھنا ہوگا۔