کراچی میں 3 سال کا بچہ کورونا سے جاں بحق

ہفتہ 9 مئی 2020 22:30

کراچی میں 3 سال کا بچہ کورونا سے جاں بحق
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2020ء) قومی ادارہ برائے امراض اطفال میں 3سال کا بچہ کوروناسے جاں بحق ہوگیا ۔سربراہ این ائی سی ایچ ڈاکٹر جمال رضا نے اس حوالے سے بتایاکہ بچے کو چار روز قبل صفورا میں واقع ایک نجی اسپتال سے این آئی سی ایچ منتقل کیا گیا تھا۔سانس لینے میں دشواری کے باعث اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا، جو ہفتہ کو خالق حقیقی سے جا ملا۔

ڈاکٹر جمال رضانے بتایا کہ بچے کا تعلق سکھر سے تھا، اسے دیگر بیماریاں بھی تھیں۔ دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمگیر وبا کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 1080 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد سے وہ شدید پریشان ہیں۔

(جاری ہے)

اللہ پاک ہم پر رحم کرے لیکن ہمیں خود پر بھی رحم کرنا ہوگا۔

ہم لاک ڈائون کی فیز ٹو میں داخل ہوگئے ہیں، کورونا سے بچا والی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔وزیراعلی سندھ نے صوبے بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیرپور کے پیر جو گوٹھ میں 246 کیسز مثبت آئے ہیں جس کے بعد وہاں لاک ڈاؤن سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونا انتہائی تشویش کی بات ہے اور اب عوام کو سمجھنا ہوگا کہ صورتحال کیا بن رہی ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5498 ٹیسٹ کئے گئے جس کا 20 فیصد یعنی 1080 کیسز مثبت آئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10771 ہوگئی ہے، آج 4 مریض انتقال کرگئے، اس طرح کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 180 ہوگئی ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت سندھ میں 8571 مریض زیرعلاج ہیں، زیرعلاج مریضوں میں 7432 گھروں، 609 آئیسولیشن مراکز اور 530 اسپتالوں میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ 101 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور ان میں 23 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔