روسی صدر کے قریبی ترین ساتھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

کیسز میں یکدم ہوشربا اضافے سے روس سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا

muhammad ali محمد علی منگل 12 مئی 2020 23:58

روسی صدر کے قریبی ترین ساتھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے
ماسکو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مئی 2020ء) روسی صدر کے قریبی ترین ساتھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، کیسز میں یکدم ہوشربا اضافے سے روس سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا۔ روسی میڈیا کی جانب سے فراہم تفصیلات کے مطابق روسی صدر کے قریبی ترین ساتھی مہلک وبا کا شکار بن گئے ہیں۔ ولادی میر پیوٹن کے ترجمان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ روسی صدر کے ترجمان دیمتری پیکسو کو طبیعت بگڑنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں ڈاکٹرز نے ان کا کرونا ٹیسٹ کیا۔ ترجمان روسی صدر کے کرونا کی رپورٹ مثبت آئی جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں ہسپتال میں ہی داخل کرلیا۔ بعد طبیعت بگڑنے پر ولادی میر پیوٹن کے ترجمان کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کرنا پڑ گیا جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دیمتری پیسکو روسی صدرپیوٹن کے 20 سالہ پرانے ساتھی ہیں۔ دونوں رہنماوں کے درمیان ایک ماہ قبل ملاقات ہوئی تھی۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ روسی صدر کو کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا یا نہیں۔ یہاں واضح رہے کہ روس کرونا وائرس سے دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن چکا ہے۔ کچھ روز قبل تک روس میں کرونا وائرس کے محض چند ہزار کیسز تھے تاہم اب روس میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار 243 تک جا پہنچی ہے۔ صرف گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران روس 10 ہزار 899 کیسز سامنے آئے جبکہ 107 کرونا مریض ہلاک ہوگئے۔ یوں روس میں اب تک کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 116 تک پہنچ گئی ہے۔