سیشن کورٹ لا ہور میں وکلاء و سائلین کی سہولت کیلئے ایف آئی آر سیکشن قائم ، مقد ما ت کی نقول کا حصول آسان ہو جائے گا

ہفتہ 16 مئی 2020 16:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2020ء) لاہور کی سیشن کورٹ میں وکلاء اور سائلین کی سہولت کیلئے ایف آئی آر سیکشن قائم کر دیا گیا جس میں خصوصی طور پر تیار کردہ سافٹ وئیر کی مدد سے ایف آئی آر کی نقول کا حصول آسان ہو جائے گا ، وکلا ء اور سائلین کو ایف آئی آر کی نقول کے حصو ل کے لیے اب پولیس تھانوں کے چکر نہیں کاٹنا پڑیں گے۔

گذشتہ روزڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج لاہور قیصر نذیربٹ نے سیکشن کا باقاعدہ افتتاح کردیا، افتتاح کورونا خدشات کے باعث انتہائی سادگی کے ساتھ کیا گیا۔ اس موقع پر سافٹ وئیر کے انچارج ایڈیشنل سیشن جج معین کھوکھر نے سیشن جج اورصدرلاہوربار ایسو سی ایشن کوسافٹ ویئربارے بریفنگ دی۔سیشن جج لاہور نے کہا کہ وکلاء اور سائلین کی سہولت کے لیے اس سافٹ وئیر کو انسٹال کیا گیا ہے، وکلاء اور سائلین تھانوں میں جانے کی بجائے سیشن عدالت سے متعلقہ درج ہونے والی ایف آئی آر کی کاپی حاصل کرسکتے ہیں، اس سے کرپشن کا بھی خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

صدر لاہور بار جی اے خان طارق نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج معین کھوکھر اور سیشن جج لاہور کی خصوصی کاوش سے اس سافٹ وئیر کو تیار کیا گیا ہے، سیکرٹری لاہور بار ریحان خان کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا اقدام ہے، اب بروقت انصاف مل سکے گا۔ایف آئی آر کے آن لائن سافٹ وئیر کے افتتاح کے موقع پر سینئر سول جج لاہور شکیب عمران قمر، ایڈیشنل سیشن جج یونس عزیز، صفدر ایوب اور ریحان خان سمیت سلطان محمود بھی موجود تھے۔